لندن:برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے 2019سے لے کر 2023تک اپنی 47لاکھ کی آمدنی پر 1ملین برطانوی پائونڈ ٹیکس ادا کیا۔برطانوی وزیر اعظم رشی سونک پر اپنے ٹیکس ریٹرن کی تفصیلات جاری کرنے کے حوالے سے ٹوری اراکین دبا ئوڈال رہے تھے،انہیں خدشہ تھا کہ اس معاملے پر پارٹی گیٹ کے دوران سابق وزیراعظم بورس جانسن اراکین میں بدگمانی پیدا کر سکتے ہیں۔برطانوی پارلیمان میں رشی سونک کو امیر ترین رکن تصور کیا جاتا ہے جس کے باعث حزب اختلاف اکثر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بناتی رہی ہے،رشی سونک سیاست میں آنے سے قبل فنانس کے شعبے میں کام کرتے تھے،ان کی خاندان کی ملکیت میں نارتھ یارکشائر کے علاقے میں گریڈ 2کے مینر ہائوس سمیت کئی پراپرٹیز شامل ہیں۔فرانس کے اپنے حالیہ دورے کے دوران فرینچ صدر سے ملاقات کے موقع پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں رشی سونک کا کہنا تھا کہ وہ بہت مصروف رہے ہیں، لیکن جلد ہی اپنے ٹیکس ریٹرن جاری کر دیں گے۔یاد رہے کہ چند ہفتے قبل پارلیمنٹ ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے لیبر پارٹی کے ایک رکن نے برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے ٹیکس ریٹرن جاری نہ کرنے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ عوام سیاست میں شفافیت دیکھنا چاہتے ہیں،خاص طور پر جب وزیر اعظم برطانوی تاریخ کے امیر ترین وزیر اعظم ہوں تو تحفظات اور بڑھ جاتے ہیں۔