آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کے نام مسافروں کو جمع کرنے پر ہجوم اچھے افراد کو بھی مرض لاحق ہونے کا امکان
حیدرآباد۔3جنوری(سیاست نیوز) دنیا کے مختلف ممالک سے حیدرآباد پہنچنے والے مسافرین بالخصوص برطانیہ اور دبئی سے حیدرآباد پہنچ رہے مسافرین کو شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور آرٹی پی سی آر رپورٹ موصول ہونے تک انہیں ائیر پورٹ سے نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ۔ مسافرین کی جانب سے ائیر پورٹ پر کئے جانے والے آرٹی پی سی آر معائنوں پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ جس انداز میں معائنہ کرنے اور انتظار کروانے کے انتظامات کئے گئے ہیں وہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے بجائے اس کا شکار ہونے کا سبب بن رہے ہیں اور ائیر پورٹ پر جو مسافرین نیگیٹیو ہیں وہ اپنے گھروں کو پہنچنے کے بعد پازیٹیو پائے جا رہے ہیں اور ان میں علامات ظاہر ہونے لگی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ برطانیہ سے حیدرآباد پہنچنے والے تمام مسافرین کے آر ٹی پی سی آر معائنہ کئے جا رہے ہیں اور اسی طرح دبئی سے حیدرآباد پہنچنے والے تمام مسافرین کے معائنوں کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ دیگر ممالک سے حیدرآباد پہنچنے والوں میں چند ایک مسافرین کو روک کر ان کے معائنہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مسافرین نے بتایا کہ ائیر پورٹ پر آمد کے بعد تمام مسافرین کو ایک جگہ جمع کرتے ہوئے ان کا معائنہ کیا جا رہا اور 6تا7گھنٹے اسی مقام پر انہیں رکھا جا رہاہے اورجب آرٹی پی سی آر کی رپورٹ موصول ہورہی ہے تو انہیں منفی رپورٹ کی صورت میں گھر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے لیکن جن مسافرین کی رپورٹ مثبت پائی جا رہی ہے انہیں قرنطینہ کے لئے لیجایا جانے لگا ہے ۔ مسافرین کا کہناہے کہ اگر کوئی مسافر کورونا وائرس سے متاثر ہے اور وہ 6تا7 گھنٹے دیگر کے درمیان رہے گا تو وہ دوسروں کو بھی متاثر کرنے کا سبب بنے گا لیکن اس بات سے قطع نظر ائیر پورٹ حکام کی جانب سے تمام مسافرین کو ایک جگہ پر انتظار کروایا جارہا ہے جبکہ اگر حکام کی جانب سے نمونے حاصل کرتے ہوئے رپورٹ کے موصول ہونے تک کیلئے قرنطینہ کی ہدایات کے ساتھ مسافرین کو گھر جانے کی اجازت دیتے ہیں تو ایسی صور ت میں متاثرہ مسافرین سے دوسروں کے رابطہ میں آنے کے امکانات کم ہو جائیں گے ۔ائیر پورٹ حکام کا کہناہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اورمرض کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ برطانیہ کے تمام مسافرین کی جانچ کی جائے اور دبئی سے حیدرآباد پہنچنے والے مسافرین کی جانچ اس لئے کی جا رہی ہے کیونکہ دبئی سے کئی ایسے مسافرین حیدرآباد پہنچ رہے ہیں جو کہ دنیا کے دیگر ممالک سے براہ دبئی حیدرآباد پہنچ رہے ہیں اسی لئے دبئی سے حیدرآباد آنے والے تمام مسافرین کی جانچ کی جا رہی ہے۔م