برطانیہ میں حیدرآبادی مسلم ڈاکٹر کی گرانقدر خدمت

   

ڈاکٹر محمد جمیل حسین کی کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ شب و روز خدمات کی دنیا بھر سے پذیرائی
حیدرآباد۔30 اپریل(سیاست نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی خدمت کررہے لاکھوں ڈاکٹرس میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی جانب سے بھی انجام دی جانے والی خدمات کی زبردست سراہنا کی جا رہی ہے اور دنیا کے کئی ممالک میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرس کی خدمات حیدرآبادیوں کیلئے قابل رشک ہے ۔پرانے شہرکے بہادر پورہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد جمیل حسین ولد محمد خورشید حسین جو کہ ہندستانی نژاد برطانوی شہری ہیں اپنی طبی خدمات کے ذریعہ نہ صرف ملک کا نام روشن کررہے ہیں بلکہ ان تعلیمی ادارہ جات کا بھی تذکرہ کیا جانے لگا ہے جہاں انہو ںنے اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی ہے۔ کوئینٹ ہائی اسکول دیوڑھی خورشید جاہ سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹر محمد جمیل حسین نے نظام کالج سے ڈگری کرنے کے بعد برطانیہ میں طبی تعلیم حاصل کی اور اب کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والی قوتوں میں صف اول کے سپاہی کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد جمیل حسین جو کہ مانچسٹر میں نیشنل ہیلت سروس میں خدمات انجام دے رہے ہیں وہ مسلسل دواخانہ سے جڑے ہوئے ہیں اور کورونا وائرس کے متاثرین کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر محمد جمیل حسین نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے کی جانے والی کوششوں میں صف اول میں رہتے ہوئے لوگوں کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مسلسل دواخانہ میں ہیں کیونکہ کورونا وائرس کے مریضوں کو سخت نگہداشت درکار ہے اس کے علاوہ وہ اپنے اہل وعیال سے بھی خود کو دور رکھے ہوئے ہیں کیونکہ یہ ایک ایسا متعدی مرض ہے جو پتہ نہیں کب کس پر حملہ آور ہوجائے۔ ڈاکٹر جمیل حسین جو کہ ابتداء ہی سے ذہین طالب علم کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتے ہیں وہ برطانیہ کی نیشنل ہیلت سروس میں کورونا وائر س کے مریضوں کی خدمت کے ذریعہ شہر حیدرآباد اور ہندستان کے علاوہ ان تعلیمی اداروں کا بھی نام روشن کر رہے ہیں جو کہ ان کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادار کیا ہے۔ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان کی سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی کی جارہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ڈاکٹر جمیل حسین نے حیدرآباد کے نام کو برطانیہ ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں روشن کیا ہے ۔ ڈاکٹر جمیل حسین کے بھائی مسٹر شکیل حسین نے بتایا کہ ڈاکٹر جمیل کی کامیابی والدین کی دعاؤں اور ان کے بڑے بھائی جناب محمد اعجاز حسین کی محنتوں کا نتیجہ ہے علاوہ ازیں ان کی ابتدائی تعلیم کے دوران مشفق اساتذہ اور سرپرستوں کی رہنمائی کا نتیجہ ہے کہ ڈاکٹر جمیل حسین آج سر بہ کف خدمات انجام دینے کیلئے تیار ہیں اور کورونا کے خلاف محاذ میں شامل ہیں۔