غریبوں پر بوجھ ڈالا گیا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے : ریونت
حیدرآباد 7 جون ( این ایس ایس ) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت خطیر برقی بلز جاری کرتے ہوئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے اور غریبوں اور مڈل کلاس طبقہ کو لوٹا جا رہا ہے ۔ اے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کو اسم مسئلہ پر ایک مکتوب روانہ کیا ہے ۔ اپنے مکتوب میں انہوں نے کہا کہ تین ماہ کے برقی چارجس کو ایک وقت میں شمار کرنے کے نتیجہ میں موجودل سلابس تبدیل ہو رہے ہیں اور ریاست بھرر میں صارفین پر معمول کے چارجس کا تین گنا زیادہ بوجھ عائد ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برقی عملہ کے غلط جائزہ کے نتیجہ میں جو برقی صارفین 100 یونٹ کے سلاب میں تھے وہ اب 300 یونٹ کے سلاب میں آگئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ جو صارفین برقی بلز اقساط میں جمع کروانا چاہتے ہیں انہیں 1.5 فیصد سود ادا کرنا ہوگا ۔ حکومت کا یہ بیان مکارانہ ہے ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے برقی کمپنیوں کے عہدیداروں سے سوال کیا کہ جن لوگوں نے قبل از وقت برقی چارجس ادا کردئے ہیں کیا کمپنیاں انہیں سود ادا کرینگی ؟ ۔ انہوں نے ریاستی حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر ریاست کے غریب عوام پر بھاری برقی چارجس کا بوجھ عائد کردیا جائیگا تو وہ اور ان کی پارٹی خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔