برقی شاک سے بکری فوت

   

بھینسہ /9 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر کی مصروف ترین سڑک جو مارکٹ گلی سے کسان گلی ( پانڈری گلی ) کو جاتی ہے اس سڑک پرمحلہ زین العابدین کے رہائش علاقہ میں مکانوں سے متصل برقی کھمبے سے شاک لگنے کی وجہ سے ایک بکری ہلاک ہوگئی اور عوام میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب شہر کے مصروف ترین رہائش علاقہ زین العبادین گلی میں اہم سڑک کے کنارے ایک اسٹیل ( لوہے ) کا برقی کھمبہ موجود ہے جس میں صبح تقریباً 11.30 بجے برقی رو دوڑ گئی جس کی وجہ سے بکری کو برقی شارٹ لگنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئی ۔ علاقہ کے کانگریس اقلیتی قائد و سماجی کارکن عبداللطیف نے بتایا کہ محکمہ برقی کی لاپرواہی کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا جس میں انسانی زندگی کو بھی خطرہ لاحق ہے کیونکہ گذشتہ میں اسی برقی کھمبے سے ایک خاتون کو برقی شارٹ لگا تھا جس پر علاقہ کی عوام نے برقی عہدیداروں کو اس لوہے کے کھمبے کو تبدیل کرنے کیلئے نمائندگی کی لیکن محکمہ برقی کے عہدیداروں کی لاپرواہی کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ۔ بعد ازاں عبداللطیف نے اپنے ذاتی صرفے سے لوہے کے برقی کھمبے کو ڈھانکنے کیلئے لکڑی کا ڈبہ ( باکس ) تیار کرتے ہوئے محفوظ کردیا تاکہ اس علاقہ کی انسانی زندگی محفوظ رہ سکے ۔ واضح رہے کہ اس علاقہ میں ایک خانگی اسکول بھی موجود ہے ۔ بڑا حادثہ ہونے کا اندیشہ ہے ان حالات کو دیکھتے ہوئے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو متحرک ہوکر اس لوہے کے برقی کے کھمبے کو تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کرنا چاہئے ۔