غیر صحت مند بکروں کی فروختگی ، تجارتی اداروں کو فائدے
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ملک بھر میں برڈ فلو کی وجہ سے چکن کی مانگ میں کافی حد تک کمی آئی ہے اور ساتھ ہی مٹن اور مچھلی کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ مچھلی جو چند ہفتوں قبل 140 روپئے کیلو تھی جو اب 200 روپئے تک پہنچ گئی ۔ مٹن جو 750 روپئے سے 800 روپئے فی کیلو تھا اب تقریبا 950 تا 1000 روپئے فروخت کیا جارہا ہے ۔ برڈ فلو کی وجہ سے مٹن کی مانگ میں اضافہ کے بعد بعض مقامات پر غیر صحت مند بکروں کو بھی فروخت کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کی سب سے بڑی بکری منڈی جو نوی پیٹ میں واقع ہے یہاں پر مہاراشٹرا ، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے تاجروں کو مویشیوں کی خریداری کرنے کی وجہ سے بھی قیمتوں میں اضافہ ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ برڈفلو کی وبا نے ہوٹلوں ، ریسٹوراں اور بکروں کے تاجروں کو ایک الگ ہی مقام تک پہنچا دیا ہے ۔ ہوٹلوں میں بھی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا اور مقدار میں کمی کی گئی جس سے صرف تجارتی اداروں کو فائدہ حاصل ہورہا ہے ۔ برڈفلو نے غریب اور اوسط گھرانے والوں کو مٹن اور مچھلی کی خریداری سے دور رکھا ہوا ہے ۔ بعض تاجروں کے مطابق مٹن کی مانگ میں اضافہ اور بکروں کی قلت کی وجہ سے بھی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔۔ ش