بس میں اچانک آگ، ڈرائیور کی ہوشیاری سے 25 مسافر محفوظ

   

پونے : پونے ضلع میں واقع پونے -ستارا ہائی وے پر جمعرات کی دوپہر اس وقت سنسنی پھیل گئی جب شنڈے واڑی گاؤں کے قریب ایک نجی وولوو بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ بس مکمل طور پر جل کر خاک ہو گئی، تاہم ڈرائیور کی بروقت کارروائی نے ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا اور بس میں سوار تمام 25 مسافر بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے ۔پولیس کے مطابق یہ بس کونڈوسکر کمپنی کی نجی وولوو کوچ تھی، جو ستارا سے پونے کی جانب روانہ ہوئی تھی۔ تقریباً دوپہر 12 بجے کے قریب جب بس شنڈے واڑی گاؤں کے قریب پہنچی، تو اس میں اچانک آگ لگ گئی۔ ڈرائیور نے فوراً حالات کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے بس سڑک کے کنارے روک دی اور تیزی سے تمام مسافروں کو نیچے اتار لیا۔ اس کی ہوشیاری کی بدولت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔