ماسکو: شام کے صدر بشار الاسد نے چہارشنبہ کو کریملن میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بشار الاسد نے یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کی حمایت کا اظہار کیا۔ بشار نے کہا کہ ہم یوکرین کی جنگ میں روس کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، کیونکہ اسے ’’پرانے اور نئے نازی ازم‘‘ کا سامنا ہے۔ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سے یہ بھی کہا کہ ان کے اس دورے سے اقتصادی تعاون میں ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔پوتین اور بشار کے درمیان یہ ملاقات چہارشنبہ کو ماسکو میں ہوئی۔ ملاقات انقرہ اور دمشق کے درمیان مفاہمت کے حصول کیلئے کریملن کی تیز تر کوششوں کے تناظر میں رہی۔ روسی ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والی اس ملاقات کے آغاز میں پوتین نے ماسکو اور دمشق کے درمیان تعلقات کی “ترقی” کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ روس شام اور ترکیہ میں گزشتہ ماہ آنے والے زلزلے کے بعد انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سے قبل آج ہی کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ روسی صدر پوتین اپنے شامی ہم منصب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ شام میں تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔