’’بعداز خدا بزرگ توئی قصّہ مختصر‘‘کے زیرِ عنوان آج حرم مدینہ کے تصاویر، خطاطی کی نمائش و سمینار

   

سیرت ان قرآن کی رسم اجراء۔جناب عامر علی خان مہمان خصوصی، ڈاکٹر تجمل حسین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( راست ) : میڈیا پلس فاؤنڈیشن حیدرآباد کے زیرِ اہتمام ’’بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر‘‘ کے عنوان سے ایک سمینار کے ساتھ حرمِ مدینہ کی منفرد تصاویر کی نمائش اور بہترین نعتیہ اشعار پر مشتمل خطاطی کے نمونے عوام کے ملاحظے کے لیے پیش کیے جائیں گے۔نمائش کا افتتاح بدستِ جناب عامر علی خان، نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست، بروز ہفتہ، 5ستمبر، شام 6:30 بجے ہوگا۔ حرمِ مدینہ کی یہ تصاویر معروف آرکیٹیکچرل فوٹوگرافر کے این واصف کی لی ہوئی ہیں، جبکہ باکمال خطاطی کے فن پارے غوث ارسلان کے ہوں گے۔ سمینار کی صدارت پروفیسر راشد نسیم ندوی کریں گے۔ مقررین میں پروفیسر ایس۔ اے شکور، ڈائریکٹر دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی، ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد، جناب سید ایوب حسینی، صدر مجلس تعمیر ملت اور صاحبزادہ میر احمد علی خان شامل ہیں۔ خصوصی مدعو الحاج محمد مکرم خان ہوں گے۔ اس موقع پر ’’سیرت اِن قرآن‘‘ (انگریزی) ، مؤلف صاحبزادہ میر محمود علی خان کی رسمِ اجراء بدستِ ڈاکٹر محمد تجمل حسین (شکاگو) عمل میں آئے گی۔یہ تقریب میڈیا پلس آڈیٹوریم، چوتھی منزل، جامعہ نظامیہ کمپلیکس، گن فاؤنڈری میں 5ستمبر کو شام 6:30 بجے منعقد ہوگی۔ تصویروں اور خطاطی کی نمائش دوسرے دن، اتوار، 6 ستمبر کو صبح 10 تا شام 6 بجے تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔