نئی دہلی، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں بغیر سبسیڈی والا ایل پی جی سلنڈر آج سے 19روپے مہنگا ہو گیا۔ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق قومی دارالحکومت میں جنوری میں بغیر سبسیڈی والا 14.2 کلو گرام کا پکوان گیس سلنڈر اب 714 روپے میں ملے گا۔ دسمبر میں اس کی قیمت 695 روپے تھی۔کولکتہ میں اس کی قیمت میں 21.50روپے ، ممبئی میں 19.50 روپے اور چینائی میں 20 روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔سبسیڈی والے سلنڈر کی اضافی قیمت جی ایس ٹی میں اضافہ کے سبب ہے ۔کانگریس نے کہا ہیکہ حکومت سے نئے سال پر عوام کے مسائل کو کم کرنے کیلئے ٹھوس قدم اٹھانے کی امید تھی لیکن اس نے ریلوے کا کرایہ اور پکوان گیس سلنڈر کی قیمت بڑھاکر ان کی امیدوں پر پانی پھیرا ہے اور پارٹی اس کی مذمت کرتی ہے ۔ مہیلا کانگریس کی صدر اور پارٹی ترجمان سشمیتا دیو نے کانگریس ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے کہا کہ ریلوے کاکرایہ اور پکوان گیس سلنڈر کی قیمت بڑھاکر حکومت نے عام لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال پر حکومت کو بیروزگاری سے متاثر عوام کا درد کم کرنے اور بدحال معیشت میں بہتری لانے کیلئے قدم اٹھانے چاہئے تھے لیکن اس نے سال کے پہلے دن ہی ریلوے کا کرایہ اور ایل پی جی سلنڈرکے دام بڑھاکر عام آدمی کو گہری چوٹ پہنچائی ہے۔