ونیزویلا میں دو طاقتور زلزلے ۔ بڑے پیمانے پر تباہی ‘ 188 ہلاک

,

   

بے شمار عمارتیں زمین بوس ۔دو ہزار افراد زخمی ۔ ہلاکتوں کی تعداد کئی ہزار ہونے کے اندیشے۔ جاپان بھی طاقتور زلزلہ سے دہل گیا ۔ کیلیفورنیا میں بھی ہلکے جھٹکے

کاراکاس / ٹوکیو۔ 25 جون (ایجنسیز) دنیا کے دو مختلف خطوں میں طاقتور زلزلوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں ایک منٹ کے اندر دو انتہائی شدید زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جبکہ اسی روز جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں میں بھی 7 شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ وینزویلا میں امریکی جیولوجیکل سروے نے ابتدائی اندازہ میں 10 ہزار سے ایک لاکھ تک ممکنہ ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جبکہ جاپان میں فوری طور پر کسی بڑے جانی نقصان یا سونامی کی اطلاع نہیں ملی۔ جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں گدشتہ شب دو طاقتور زلزلوں نے تباہی مچا دی۔ تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 188 ہو گئی ہے جبکہ دو ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری رہنے کے باعث مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق وینزویلا میں پہلے زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز کیریبین ساحلی علاقے مورون کے مغرب میں تھا۔ اس کے صرف ایک منٹ بعد دوسرا اور زیادہ طاقتور زلزلہ آیا، جس کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی۔ دونوں زلزلوں کی گہرائی صرف 10 سے 13 کلومیٹر تھی، جس کی وجہ سے زمین پر جھٹکوں کی شدت کئی گنا زیادہ محسوس کی گئی۔ دارالحکومت کاراکاس سمیت متعدد شہروں میں سیکڑوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، سڑکوں میں دراڑیں پڑ گئیں، ہوائی اڈہ کو بھی نقصان پہنچا اور مختلف علاقوں میں مواصلاتی نظام متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں تباہ شدہ عمارتیں، ملبے میں دبے افراد و امدادی کارروائیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق دونوں زلزلوں کی سب سے اہم خصوصیت ان کی انتہائی کم گہرائی تھی۔ جب زلزلے کا مرکز زمین کی سطح کے قریب ہوتا ہے تو اس کی توانائی براہِ راست سطح تک پہنچتی ہے، جس سے جھٹکے زیادہ شدت سے محسوس ہوتے ہیں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔ اسی وجہ سے کاراکاس اور آس پاس کے علاقوں میں بڑی تباہی دیکھنے میں آئی ہے۔زلزلہ پیما اداروں نے خبردار کیا کہ آئندہ دنوں میں متعدد جھٹکے آسکتے ہیں، جن میں بعض کافی طاقتور بھی ہوسکتے ہیں۔قائم مقام صدر ڈیلسی راڈرگیوز نے قومی رسک مینجمنٹ اور سول پروٹیکشن سسٹم کے ہنگامی اجلاس کے بعد بتایا کہ ساحلی ریاست لا گوائرا اس قدرتی آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ۔ ان کے مطابق درجنوں رہائشی اور تجارتی عمارتیں منہدم ہو چکی ہیں جبکہ کئی علاقہ مکمل طور پر آفت زدہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہیں اور حکومت کی اولین ترجیح زیادہ سے زیادہ انسانی جانوں کو بچانا ہے۔حکام کے مطابق زخمیوں کو سرکاری اور نجی اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ حکومت نے تعلیمی ادارے، غیر ضروری سرکاری سرگرمیاں اور بعض عوامی خدمات عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔جن خاندانوں کے مکانات مکمل یا جزوی تباہ ہو گئے ہیں، ان کیلئے ہوٹلوں، سرکاری پناہ گاہوں اور عارضی شیلٹرز کے دروازے کھول دیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری رہائش فراہم کی جا سکے۔ڈیلسی راڈرگیوز نے بتایا کہ متعدد ممالک نے وینزویلا کی مدد کیلئے امدادی ٹیمیں اور انسانی امداد روانہ کرنے کا اعلان کیا ۔ ان کے مطابق امریکہ، ڈومینیکن ریپبلک، ایل سلواڈور، میکسیکو، قطر، چین، برازیل اور کئی کریبی ممالک نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرکے کہا کہ مختلف ممالک مسلسل وینزویلا کی حکومت سے رابطے میں ہیں اور ابتدائی امدادی ٹیمیں آئندہ چند گھنٹوں میں متاثرہ علاقوں تک پہنچ جائیں گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ وینزویلا کی جغرافیائی حیثیت اسے زلزلوں کے لحاظ سے حساس بناتی ہے کیونکہ یہ کیریبین اور جنوبی امریکی ٹیکٹونک پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہے۔ 1812 میں بھی اسی خطے میں تباہ کن زلزلے میں تقریباً 30 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔وینزویلا کے تباہ کن زلزلے کے چند گھنٹوں بعد جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقے ایواتے پریفیکچر میں طاقتور زلزلہ آیا۔ ہندوستان کے نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کی شدت 7.0 جبکہ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے 6.9 ریکارڈ کی۔زلزلے کا مرکز ایواتے کے ساحل کے قریب سمندر میں تقریباً 50 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ آموری پریفیکچر کے ہاشیکامی شہر سمیت کئی علاقوں میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جبکہ ٹوکیو میں بھی ہلکی لرزش ریکارڈ کی گئی۔ماہرین کے مطابق وینزویلا و جاپان میں یہ طاقتور زلزلے اس حقیقت کی یاد دہانی ہیں کہ دنیا کے مختلف زلزلہ خیز خطوں میں قدرتی آفات کا خطرہ رہتا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔

واشنگٹن وینزوئیلا کی مدد کیلئے تیار ہے : ٹرمپ
واشنگٹن، 25 جون (یو این آئی) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن وینزوئیلا کی مدد کے لیے تیار ہے ۔ٹرمپ نے وینزوئیلا میں دو شدید زلزلوں کے بعد چہارشنبہکے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل سے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا ہے کہ”وینزویلا کے عظیم عوام ابھی دو بڑے زلزلوں کی زد میں آئے ہیں، جو نہ صرف شدت کے لحاظ سے بہت بڑے تھے بلکہ ان کے نتیجے میں تباہ کن جانی نقصان بھی ہوا ہے ۔”انہوں نے مزید کہا ہے کہ”امریکہ مدد فراہم کرنے کے لیے تیار اور اس کا خواہش مند ہے اور مکمل طور پراس کا اہل بھی ہے !”ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ انہوں نے تمام وفاقی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ “تیزی سے کارروائی کے لیے تیار رہیں۔”امریکی صدر نے مزید کہا ہے کہ”ہم اپنے نئے اور عظیم دوستوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔”امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کی تازہ ترین تکنیکی معلومات کے مطابق، وینزویلا کے شمالی علاقے کو یکے بعد دیگرے دو طاقتور زلزلوں نے شدّت سے ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ماہرینِ زلزلہ کے مطابق، پہلا زلزلہ 7.2 شدت کا تھا جو ریاست یاراکوی کے دارالحکومت سان فیلپے کے قریب آیا۔ اس کے صرف 40 سیکنڈ بعد یومارے کے جنوب مشرق میں 7.5 شدت کا ایک اور، زیادہ تباہ کن مرکزی زلزلہ آیا۔
یہ مرکزی زلزلہ وینزوئیلا کی تاریخ میں ریکارڈ کیا جانے والا سب سے طاقتور زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے اور گزشتہ 125 برسوں میں آنے والا شدید ترین زلزلہ سمجھا جا رہا ہے ۔