صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے ملاقات، حیدرآباد میں امن وامان کی برقراری کو اہمیت
حیدرآباد۔ شہر سے تعلق رکھنے والے ائمہ و موذنین کے ایک وفد نے صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم سے ملاقات کرتے ہوئے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کی تائید کا اعلان کیا۔ ائمہ اور موذنین نے صدرنشین وقف بورڈ سے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں کے سی آر حکومت ملک میں سرفہرست ہے ۔ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ شہر میں امن و امان کی برقراری اور فرقہ پرست طاقتوں کی سرکوبی ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے جس کے نتیجہ میں بلا لحاظ مذہب و ملت عوام بے خوف و خطر زندگی بسر کررہے ہیں۔ کے سی آر ملک کے واحد سیکولر چیف منسٹر ہیں جنہوں نے تمام مذاہب کی عید اور تہوار کو سرکاری طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ شہر میں گنگا جمنی تہذیب کا فروغ کا سہرا کے سی آر حکومت کے سرجاتا ہے۔ ائمہ و موذنین نے غریب اور متوسط خاندانوں سے تعلق رکھنے والے ائمہ اور موذنین کیلئے ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم کا خیرمقدم کیا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ کی اسکیم کے سلسلہ میں وقف بورڈ کو تمام مستحق افراد تک فوائد پہنچانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں کے سی آر سنجیدہ ہیں اور انہوں نے اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کے رجسٹریشن پر پابندی عائد کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حیدرآباد میں ترقیاتی اسکیمات کے علاوہ سرمایہ کاری میں اضافہ کیا گیا جس کے لئے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی محنتوں کا دخل ہے۔