بلدی انتخابات کیلئے پردیش کانگریس کمیٹی کی تیاریاں

   

کور کمیٹی کا اجلاس ، 29 جون کو ناگرجنا ساگر میں حکمت عملی کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 24۔جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس حیدرآباد میں منعقد ہوا ، جس میں مجوزہ بلدی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا، سابق ایل پی لیڈر جانا ریڈی ، سابق فلور لیڈر محمد علی شبیر، سکریٹری اے آئی سی سی بوس راج اور دوسروں نے شرکت کی ، بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کور کمیٹی میں راہول گاندھی سے مطالبہ کیا کہ وہ اے آئی سی سی صدر کہ عہدہ پر برقرار رہیں اور اپنا استعفیٰ واپس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے بلدی اداروں کے انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپلٹیز میں مسلمانوں کے بشمول پسماندہ طبقات کو 34 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کور کمیٹی نے ضلع کانگریس کمیٹیوں کے صدور کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ اضلاع میں پارٹی دفاتر کے لئے اراضی الاٹ کرنے حکومت کو درخواست دیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پارٹی میں ڈسپلن شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پر دیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں اور ضلع کانگریس کمیٹی صدور کا اجلاس 29 جون کو ناگرجنا ساگر میں منعقد ہوگا ۔ بلدی انتخابات کی حکمت عملی تیار کرنے کے لئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر اور اے آئی سی سی سکریٹریز اے سمپت کمار اور ومشی چند ریڈی شامل ہیں۔ موجودہ ارکان اسمبلی یا اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے قائدین اپنے حلقہ جات کے انچارج رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 140 میونسپلٹیز کے لئے انچارجس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ کور کمیٹی نے کہا کہ ملک کے لئے راہول گاندھی کی قیادت ناگزیر ہے۔ کور کمیٹی نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ صدر کی اجازت کے بغیر پریس کانفرنس یا اخباری بیانات جاری نہ کریں۔ پارٹی نے میونسپلٹیز میں بی سی رائے دہندوں کی رائے شماری پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کے مخالف پارٹی بیانات کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلہ میں تادیبی کارروائی جلد کی جائے گی ۔