بلوچستان میں سانحہ کے مقتولین کی تدفین کے بعد عمران خان کوئٹہ پہنچ گئے

   

کوئٹہ : بلوچستان میں پیش آئے سانحہ مچھ میں جان گنوانے والے ہزارہ مزدوروں کی تدفین کے بعد وزیراعظم عمران خان اپنے کابینی رفیق شیخ رشید احمد اور دیگر حکام کے ہمراہ آج خصوصی دورے پرکوئٹہ پہنچے۔ وزیر اعظم عمران خان نے دہشت گردی کے حالیہ واقعے میں ہلاک ہونے والے ہزارہ کانکنوں کے لواحقین سے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مچھ میں پیش آئے واقعے کو قومی سانحہ قرار دیا۔ پاکستان کے وزیراعظم نے مقتول مزدوروں کے لواحقین سے ملاقات میں کہا کہ ہزارہ برادری پر شدت پسندوں کا حالیہ حملہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات شروع کرنے کی منظم سازش کا حصہ ہے جسے حکومت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حملے میں ملوث افراد کو ہر ممکن طریقے سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ہزارہ کمیونٹی کی شہدا ایکشن کمیٹی کے ترجمان آغا رضا نے بھی میڈیا کو بتایا کہ وزیراعظم نے ہزارہ برادری کے تمام مطالبات جلد پورے کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ رضا کے مطابق متاثرین کے لیے ڈھائی ملین روپے کی امداد بھی فراہم کی۔ وزیر اعظم کی کوئٹہ آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظام کیے گئے تھے۔ عمران خان کا ہزارہ متاثرین سے ملاقات کے موقع پرکہنا تھا کہ فرقہ وارانہ دہشت گردی پھیلانے والے عناصر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا : ’’میں ہزارہ برادری کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوں۔ ہزارہ برادری خود کو مایوسی سے نکالے۔ ہم عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی امور کا یہاں از سرنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔‘‘