بلی کا جھگڑا پولیس اسٹیشن پہونچا

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : جانوروں کو پالنے کا ٹرینڈ معاشرے میں تیزی سے فروغ پا رہا ہے ۔ اس کے لیے لوگ ہزاروں لاکھوں روپئے خرچ کررہے ہیں ان کے نہلانے سے کھانے پینے تک خاص خیال رکھتے ہیں ۔ ان کے کھو جانے یا مر جانے پر بہت زیادہ غمزدہ بھی ہوجاتے ہیں ۔ ضلع سوریہ پیٹ کے حضور نگر میں بلی کا جھگڑا پولیس اسٹیشن پہونچا ۔ بلی کی خاطر دونوں خاندانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھا پائی کی ۔ سب انسپکٹر کی مداخلت سے مسئلہ کا حل برآمد ہوا ۔ حضور آباد کے دادا نالہ کالونی میں رہنے والے ایم منا اور اس کی والدہ متیالو نے تین سال قبل میسور سے بلی کے بچوں کا جوڑا پانچ ہزار روپئے میں خرید کر لایا ۔ جس میں مادہ بلی باولی میں گر کر فوت ہوگئی جب کہ نر بلی ایک سال قبل کھو گئی دونوں ماں اور بیٹے کی جانب سے کافی تلاش کرنے پر بھی پتہ نہیں چلا ۔ فنی گری گٹہ میں ایک شخص نے اس بلی کو دیکھا اور اس کی اطلاع منا کو دی ۔ جس پر دونوں ماں بیٹا بلی کی پرورش کرنے والی خاتون سکو اماں کے گھر پہونچ کر بلی کو طلب کیا ۔ دونوں خاندانوں میں لفظی جھڑپ ہوئی بالاخر مسئلہ پولیس اسٹیشن پہونچا اور دونوں خاندانوں نے ایک دوسرے کے خلاف شکایت کی ۔ ایس آئی نے دونوں سے بات چیت کرتے ہوئے فی الحال بلی کی پرورش کرنے والی سکو اماں کو 5 ہزار روپئے ادا کرتے ہوئے اپنی بلی لیجانے کی منا کو ترغیب دی جس سے مسئلہ حل ہوگیا ۔۔ ن