بمراہ پہلا مقام حاصل کرنے والے پہلے قومی فاسٹ بولر

   

نئی دہلی۔ جسپریت بمراہ آئی سی سی مردوں کی ٹسٹ بولنگ درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی فاسٹ بولر باز بن گئے ہیں۔ چہارشنبہ کو تازہ ترین درجہ بندی جاری کی گئی ہے جس میں بمراہ نے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ بمراہ کو وشاکھاپٹنم میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں 9 وکٹوں کی شاندار کارکردگی کے بعد ٹسٹ بولروں کی درجہ بندی میں سرفہرست مقام پر پہنچا دیا گیا، جسے ہندوستان نے106 رنز سے جیتا تھا۔ بمراہ کے نو وکٹوں کے میچ میں پہلی اننگز میں شاندار 6/45 کی بولنگ کی تھی ۔اس شاندار کارکردگی نے انہیں پیٹ کمنز، کگیسو ربادا اور ہم وطن روی چندرن اشون کے آگے چھلانگ لگانے میں مدد فراہم کی۔ بمراہ اب اسپنرز اشون، رویندر جڈیجہ اور بشن سنگھ بیدی کے بعد ٹسٹ بولروں کی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرنے والے ہندوستان کے صرف چوتھے بولر ہیں۔ بمراہ جنہیں وشاکھاپٹنم میں 106 رنزکی فتح کے ساتھ پانچ میچوں کی سیریز برابر کرنے میں ہندوستان کی مدد کرنے کے بعد میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، نے پہلے مقام پر اشون کے 11 ماہ کے طویل راج کا خاتمہ کیا۔ بمراہ کے پاس اب اشون اور جڈیجہ کے ساتھ مجموعی طور پر زیادہ ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ اشون جو اب وشاکھاپٹنم میں تین وکٹیں لینے کے بعد بولروں کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں اور جڈیجہ جو اس وقت زخمی ہیں، کو مارچ 2017 میں مشترکہ طور پر ٹاپ رینکنگ کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ وشاکھاپٹنم میں ٹسٹ ٹیم میں زبردست واپسی کے بعد بائیں ہاتھ کی کلائی اسپنر کلدیپ یادو چار مقامات کی ترقی کے بعد45 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بیٹنگ رینکنگ میں بائیں ہاتھ کے اوپنر یشسوی جیسوال پہلی اننگز میں کیریئر کے بہترین 209 رنز بنانے کے بعد37 درجے ترقی کرکے 29 ویں نمبر پر ہیں، جبکہ دائیں ہاتھ کے بیٹر شبمن گل 14 درجے ترقی کرکے کیریئر کے بہترین 38 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے لیے اوپنر زاک کرولی وشاکھاپٹنم ٹسٹ کے بعد ترقی حاصل کرنے والے ایک اورکھلاڑی ہیں، جو 76 اور 73 کے اسکور کے بعد کیریئر کی بہترین 22 ویں مقام پرآگئے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر ٹام ہارٹلی جو اپنے پہلے دو ٹسٹ مقابلوں میں سے ہر ایک میں کم ازکم 50 رنز اور پانچ وکٹیں لے کر صرف انگلینڈ کے دوسرے کھلاڑی بن گئے، دونوں فہرستوں میں آگے بڑھے ہیں ۔ بیٹنگ رینکنگ میں 103 ویں سے 95 ویں اور بولنگ میں 63 ویں سے 53 ویں نمبر پر ہیں۔ کولمبو میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان واحد ٹسٹ کی تکمیل کے بعد بائیں ہاتھ کے اسپنر پربھات جے سوریا تین درجے ترقی کر کے کیریئر کی بہترین چھٹے مقام پر پہنچ گئے ہیں کیونکہ ان کے آٹھ وکٹوں کے میچ میں میزبان ٹیم کو 10وکٹیں سے جیتنے میں مدد ملی۔ اسیتھا فرنینڈو سات درجے ترقی کرکے 34 ویں مقام پر اور وشوا فرنینڈو 9 درجے ترقی کرتے ہوئے 51 ویں ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں سری لنکا کے دیگر بولروںمیں اینجلو میتھیوز چاردرجے ترقی کے بعد24 ویں نمبر اور میچ میں 141 کے ساتھ ٹاپ سکور کرنے کے بعد بیٹنگ رینکنگ میں ترقی کی ہے۔ افغانستان کے لیے اوپنر ابراہیم زدران دوسری اننگز میں 114 رنزکی یادگار سنچری کے بعد17 درجے ترقی کر کے 54 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ رحمت شاہ (16 درجے ترقی کر کے 66 ویں نمبر پر) اور نور علی زدران (92 ویں نمبر پر رینکنگ میں داخل ہوئے) کچھ دیگر قابل ذکر نام ہیں۔