بمراہ کے بیرون ملک 100 وکٹیں مکمل

   

سنچورین۔ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے اپنی ریکارڈکی کتاب میں ایک اور باب کا اضافہ کرتے ہوئے ٹسٹ کرکٹ میں گھر سے دور بیرونی سرزمین پر 100 وکٹیں لینے کا سنگ میل حاصل کرلیا۔ قومی فاسٹ بولر نے یہ کارنامہ جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے درمیان سنچورین کے سوپر اسپورٹ پارک میں رواں پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن انجام دیا۔وین ڈیر ڈوسن بیرون ملک میں بمراہ کے 100 ویں ٹسٹ شکار بن گئے۔ بمراہ جنہوں نے 2018 میں جنوبی افریقہ میں اپنا ٹسٹ ڈیبیوکیا تھا اس کے بعد سے اب تک وہ 25 ٹسٹ کھیل چکے ہیں، جن میں سے 23 بیرون ملک میں کھیلے ہیں۔ بمراہ نے شاندار اسپیل کیا اورچوتھے آخری آدھے گھنٹے میں دو وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کو پہلے ٹسٹ میں کامیابی کے قریب لا کھڑاکردیا تھا ۔ وین ڈیر ڈوسن کو آؤٹ کرنے کے بعد،فاسٹ بولر یارکر مارا جس کی بدولت دن کی آخری گیند پر نائٹ واچ مین کیشو مہاراج آوٹ ہوئے۔