نئی دہلی: آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت (رجسٹرڈ) کے دہلی چیپٹر کی جانب سے سماجی یکجہتی تقویت کانفرنس میں ملکی حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی نفرت، عدم برداشت اور انتشار انگیز سیاست کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔دہلی حکومت کے سابق وزیر راجندر پال گوتم نے کہا کہ ملک اس وقت اپنے بدترین دور سے گزر رہا ہے اور اسے درست راہ پر لانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ بند کمروں میں بات چیت کرنے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلتا۔ ہمیں عوام کے درمیان جا کر مکالمہ اور بیداری پیدا کرنی ہوگی، یہی وقت کا تقاضا ہے ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمان ڈاکٹر رام بخش ورما نے کہا:”میں نے اپنی زندگی کا آغاز آر ایس ایس سے کیا تھا اور بی جے پی میں بھی رہا، لیکن اب میں سوشلسٹ نظریات کو اپناتا ہوں۔”انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کا کردار دوغلا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی میں آمریت کی تمام علامات موجود ہیں۔ انہوں نے میڈیا اور کارپوریٹ اتحاد پر بھی شدید الزامات عائد کیے اور کہا:”ملک کی حکومت پر دھوکے سے غدار قابض ہو گئے ہیں۔ابتدائی کلمات میں ڈاکٹر ظفرالاسلام خان صدر اے آئی ایم آئی ایم نے قرآن کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:”ہم سب آدم کی اولاد ہیں، انسانیت ہی ہمارا اصل مذہب ہے ۔