بننی فیسٹول کے دوران لاٹھیوں کی لڑائی ،50افراد زخمی

   

حیدرآباد۔ 9۔ اکتوبر۔ ( یو این آئی) دسہرہ تہوار کے موقع پر آندھراپردیش کے ضلع کرنول میں منائے گئے بننی فیسٹول کے دوران لاٹھیوں کی لڑائی میں 50افراد زخمی ہوگئے ان میں چارافراد شدید زخمی شامل ہیں۔زخمی افراد کو سرکاری اسپتال منتقل کیاگیا جہاں ان کا علاج کیاگیا۔ ہر سال دسہرہ کے موقع پر لاٹھیوں کی لڑائی کی یہاں روایت ہے ۔ یہ روایت گزشتہ 30برسوں سے چلی آرہی ہے ۔ پولیس نے کئی مرتبہ اس پر روک لگانے کی کوشش کی تاہم اس میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ کل رات کرنول کے دیور گٹہ کی پہاڑی پر واقع مندر میں یہ واقعہ پیش آیا جس کے بعد زخمیوں کو علاج کیلئے فوری طور پر کرنول کے اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے اس میں کمی ہوئی ہے کیونکہ ماضی میں لاٹھیوں کی لڑائی میں کئی افراد زخمی ہوا کرتے تھے ۔