رامناتھ کووند، وینکیا نائیڈو، ریونت ریڈی اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 8 جون کو 11 بجے دن شلپا کلا ویدیکا ہائی ٹیک سٹی میں گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ کی آٹو بائیو گرافی کی رسم اجراء انجام دیں گے اور پہلی کاپی سابق صدرجمہوریہ رامناتھ کووند اور گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما کے حوالہ کریں گے۔ بنڈارو دتاتریہ کی آٹو بائیو گرافی کا عنوان ’’پرجا کتھانا آتما کتھا‘‘ رکھا گیا ہے۔ عوامی زندگی میں 70 سالہ طویل تجربہ کی بنیاد پر بنڈارو دتاتریہ نے اپنی سوانح حیات تحریر کی ہے۔ الائی بلائی فاؤنڈیشن حیدرآباد نے اِس پروگرام کا اہتمام کیا ہے۔ تقریب رسم اجراء میں مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی، سابق نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو، سابق چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا، گورنر آندھراپردیش جسٹس عبدالنذیر، گورنر اڈیشہ کے ہری بابو، گورنر تریپورہ این اندرسین ریڈی اور اہم شخصیتیں شرکت کریں گی۔ بنڈارو دتاتریہ نے اپنی سوانح حیات میں کئی ایسے سیاسی ایونٹس پر روشنی ڈالی ہے جن کے انکشاف سے سیاسی حلقوں میں حقیقی صورتحال سے واقفیت ہوسکتی ہے۔ بنڈارو دتاتریہ متحدہ آندھراپردیش میں سرگرم سیاست میں حصہ لیتے رہے اور وہ پارٹی کے ریاستی صدر اور لوک سبھا حلقہ سکندرآباد سے پارلیمنٹ میں نمائندگی کرچکے ہیں۔1