بنڈی سنجے کو مرکزی کابینہ میں شامل کرنے بی جے پی کا غور

   


تلنگانہ بی جے پی صدارت ایٹالہ راجندر کو سونپے جانے کا امکان

حیدرآباد۔یکم۔جنوری(سیاست نیوز) ریاستی صدر بھارتیہ جنتا پارٹی کو مرکزی کابینہ میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور کہا جار ہا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے انتخابات سے قبل کابینہ میں ردو بدل کے دوران بنڈی سنجے کومرکزی کابینہ میں شامل کئے جانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور تلنگانہ میں ان کی جگہ ریاستی صدر کے عہدہ کی ذمہ داری سابق وزیر فینانس مسٹر ایٹالہ راجندر کو دیئے جانے کا امکان ہے۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق پارٹی کی قومی قیادت نے تلنگانہ میں تبدیلی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے اور بنڈی سنجے کو مرکزی کابینہ میں جگہ دینے یا مرکزی حکومت کے کسی کابینی درجہ کے عہدہ کی ذمہ داری انہیں تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ انہیں ریاستی صدر بی جے پی کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے بعد کوئی تنازعہ پیدا نہ ہو۔ بی جے پی کی نظریں آئندہ انتخابات میں تلنگانہ پر مرکوز ہے اور تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے حضور آباد سے سے کامیابی حاصل کرنے والے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کو ذمہ داری حوالہ کئے جانے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں جاری آپسی رنجشوں کو ختم کرنے کے سلسلہ میں پارٹی کی قومی قیادت کی جانب سے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کے مطابق بنڈی سنجے کو قومی ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے انہیں تلنگانہ کی سرگرمیوں سے دور کردیا جائے گا اور انہیں ملک بھر میں اپنی سرگرمیوں کے آغاز کی ذمہ داری فراہم کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ بی جے پی میں ریاستی صدر بنڈی سنجے سے ناراض قائدین کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ بنڈی سنجے کے رویہ سے پارٹی کو نقصان پہنچنے کے علاوہ قائدین دوری اختیار کرنے لگے ہیں ۔ اس طرح کی مسلسل شکایات کے باوجود پارٹی کی جانب سے خاموشی اختیار کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں حالات بگڑ سکتے ہیں اسی لئے پارٹی نے ایٹالہ راجندر کو تلنگانہ بی جے پی کی صدارت تفویض کرنے کے علاوہ بنڈی سنجے کو دہلی میں ذمہ داریاں تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران پارٹی اپنے اس فیصلہ سے قائدین کو واقف کروائے گی۔م