بنڈی سنجے کو کریم نگر کی ترقی کیلئے مرکز سے 1000 کروڑ روپئے جاری کرانے کا چیلنج

   

مختلف ریاستوںمیں تاریکی ، تلنگانہ میں 24 گھنٹے برقی ، کے ٹی آر کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے تلنگانہ ب جے پی صدر بنڈی سنجے کو کریم نگر کی ترقی کے لیے مرکز سے 1000 کروڑ روپئے جاری کرانے کا چیلنج کیا اور کہا کہ اگر ٹی آر ایس نہیں ہوتی تو علحدہ تلنگانہ ریاست بھی حاصل نہ ہونے کا دعویٰ کیا ۔ ضلع سرسلہ کے یلاریڈی پیٹ منڈل میں واقع بنڈا لنگم پلی گرام پنچایت میں 28 لاکھ روپئے کے مصارف میں تعمیر ہونے والے اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں برقی کا مسئلہ حل ہوگیا ہے ۔ ماہ مئی میں ہر سال پینے کے پانی کی قلت ہوا کرتی تھی ۔ اس کو بھی ختم کردیا گیا ہے ۔ گھر گھر کو نلوں کے ذریعہ صاف شفاف پینے کا پانی سربراہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی جدوجہد کی وجہ سے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پائی ہے ۔ غربت کا خاتمہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر آسرا پنشن دئیے جارہے ہیں ۔ غریب لڑکیوں کی شادی کے لیے شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلوری کرانے والوں کو کے سی آر کٹ دیا جارہا ہے ۔ سرکاری ہاسٹلس میں معیاری باریک چاول سے بچوں کو کھانا کھلایا جارہا ہے ۔ ریسیڈنشیل اسکولس میں معیاری تعلیم قیام و طعام کی تمام سہولتیں مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے غریب طلبہ کو اوورسیز اسکالر شپس فراہم کی جارہی ہے ۔ ملک بھرمیں تاریکی چھائی ہوئی ہے ۔ تلنگانہ میں 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر تلنگانہ سے ناانصافی کرنے اور بی جے پی کے قائدین پر جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔۔ ن