بنکنگ تاریخ کا سب سے بڑا اسکام، ایف آئی آر

   

نئی دہلی ۔ سی بی آئی نے ’اے بی جی شپ یارڈ‘ اور اس کے سابق سربراہ و منیجنگ ڈائریکٹر رشی کملیش اگروال سمیت کچھ دیگر افراد کیخلاف بینکنگ تاریخ کے سب سے بڑے گھوٹالہ میں مقدمہ درج کیا ہے۔ 28 بینکوں کے ساتھ 22842 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے الزام میں یہ ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ کمپنی جہاز سازی اور جہاز کی مرمت کا کام کرتی ہے۔ اس کے شپ یارڈ گجرات کے دہیج اور سورت میں واقع ہیں۔ اس کمپنی سے جڑے 8 لوگوں کے خلاف سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کی ہے۔ میڈیا کے مطابق گھوٹالہ اپریل 2012 سے جولائی 2017 کے درمیان ہوا۔ یہ سی بی آئی کے ذریعہ درج سب سے بڑا بینک دھوکہ دہی کا معاملہ ہے۔ ڈی جی ایم (ایس بی آئی) نے گجرات کی کئی کمپنیوں پر 22842 کروڑ روپے کے دھوکہ کا الزام عائد کیا ہے۔ اس گھوٹالے کو بینکنگ فراڈ میں اب تک کا سب سے بڑا گھوٹالہ کہا جا سکتا ہے کیونکہ یہ نیرو مودی سے بھی بڑا گھوٹالہ ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق گھوٹالہ کرنے والی دو کمپنیاں اہم ہیں۔ ان کے نام اے بی جی شپ یارڈ اور اے بی جی انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں۔ یہ دونوں کمپنیاں ایک ہی گروپ کی ہیں۔