بنک صارفین کو ٹھگوں سے چوکنا رہنے کی تاکید

   

کوڑنگل کے ممتاز سماجی کارکن محمد قاسم تاجر پارچہ کا صحافتی بیان

کوڑنگل ۔ کوڑنگل کے ممتاز سماجی کارکن ، اخبار سیاست کے مستقل قاری جناب محمد قاسم تاجر پارچہ نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بنک صارفین کو ٹھگوں سے چوکنا رہنے کی تلقین کی ہے ۔ موصوف نے انکشاف کیا کہ آئے دن دھوکہ دہی کے بیشتر واقعات کی رونمائی سے بنک صارفین کو ہزاروں روپیوں کی رقم سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے ۔ جناب قاسم نے بتایا کہ صارفین کو ٹھگنے والے جعلساز نت نئے طریقوں سے بہ آسانی اپنے جال میں پھانس لیتے ہیں ۔ یہ لوگ اپنے آپ کو نیک عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے فون پر صارفین سے ربط پیدا کرتے ہوئے کہا جاتا ہے کہ آپ کا اے ٹی ایم پن نمبر بلاک ہوگیا ہے ۔ نیا نمبر الاٹ کیا جارہا ہے اور کہا جاتا ہے کہ میں بنک منیجر بات کر رہا ہوں ۔ اور بعض اوقات کہتے ہیں کہ میں ہیڈ آفس حیدرآباد سے بات کر رہا ہوں ۔ آپ کا اکاونٹ نمبر اور اے ٹی ایم پن نوٹ کروائیے ۔ بھولے بھالے صارفین مذکورہ نمبر نوٹ کروادیتے ہیں ۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد پاس بک سے رقم غائب ہوجاتی ہے اور صارفین ہاتھ ملتے رہ جاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں اے ٹی ایم سے رقم کے حصول سے ناواقف خواتین و معمر حضرات کی مدد کرنے کا بہانہ بناکر اے ٹی ایم کارڈ کی تبدیلی کرکے رقم کا سرقہ کرلینے کی بھی وارداتیں پیش آتی ہیں ۔ نیز اے ٹی ایم سے رقم حاصل کرکے باہر آنے پر دس روپیوں پر مشتمل کچھ نوٹوں کو نیچے ڈالتے ہوئے سارقین صافین کو دھوکہ دیکر کہتے ہیں کہ آپ کے نوٹ نیچے گر گئے ہیں ۔ ان کی توجہ ہٹاکر رقمی بیاگ چھین کر رفو چکر ہوجاتے ہیں ۔ لہذا محمد قاسم نے رقمی لین دین کے موقع پر انتہائی چوکنا رہنے کی تلقین کی ہے اور کہا کہ بنک انتظامیہ کبھی بھی اس طرح کے فون وغیرہ نہیں کرتے ۔