بنگال میں اس بار بی جے پی کا چیف منسٹر ہوگا ۔ امیت شاہ کا یقین

   

کولکتہ 23 اپریل ( ایجنسیز ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ بنگال میں اس بار بی جے پی کا چیف منسٹر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے بنگال میں انتہائی سنجیدگی کے ساتھ انتخابات میں مقابلہ کیا ہے ۔ اچھے امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے ۔ انہیں یقین ہے کہ بی جے پی اس بار ان نشستو سے بھی کامیابی حاصل کرے گی جہاں بی جے پی کیلئے جیت کافی مشکل ہوا کرتی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ 2016 میں بنگال میں بی جے پی کی صرف تین نشستیں تھیں جبکہ 2021 میں اس نے 77 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ یہ کوئی چھوٹی بات نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کمیونسٹوں اور کانگریس کا جو حال ہوا ہے وہی حال اس بار ترنمول کانگریس کا بھی ہونے والا ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ ریاست میں اس بار کسی غنڈہ گردی کے بغیر ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے غنڈے اس بار عوام پر اثر انداز نہیں ہوسکے ہیںاور ووٹوں کی گنتی کے دن ریاست کے عوام کی حقیقی خواہش ابھر کر سامنے آئے گی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور مرکزی نیم فوجی دستوں نے اس بار بنگال میں بہت اچھا کام کیا ہے اور تشدد کا موقع نہیں دیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن اور مرکزی فورسیس پر جانبداری کے الزامات کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ترنمول کے ایک بھی امیدوار نے الیکشن کمیشن سے ایسی کوئی شکایت درج نہیں کروائی ہے ۔