بنگال میں طوفان ’یاس ‘ کے پیش نظر 9 لاکھ افراد کی منتقلی

,

   

ریاستی حکومت کی پوری مشینری ہنگامی حالات سے نمٹنے تیار۔ تین لاکھ پرسونل کا ماسٹر پلان موجود: ممتابنرجی

کولکاتا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’یاس طوفان‘‘ کی وجہ سے ریاست میں کم سے کم جانی و مالی نقصانات کو یقینی بنایا جائے گا۔حکومت کی پوری مشنری حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اور اب تک 9لاکھ افراد کو ساحلی علاقوں سے نکال کر محفوظ مقام تک پہنچادیا گیا ہے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ اب تک 64,000سرکاری عملہ یاس طوفان سے نمٹنے کے لئے مستعد ہیں ۔اس کے علاوہ سیوک پولس، ہوم گارڈ سمیت 2لاکھ پولس اہلکار بھی تعینات ہیں ۔ ممتا بنرجی نے آج ریاستی سیکریٹریٹ پہنچ کر کنٹرول روم کے عملے سے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ گزشتہ امفان طوفان کے دوران ایک ملین افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا تھا اور اس وقت 9لاکھ افراد کو اب تک منتقل کیا جاچکا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ہمارے پاس تقریبا 44,000سیلاب مراکز ہیں۔ بلاک ،میونسپلٹی، ضلع اور ریاستی سطح پر جنگی پیمانے پر مراکز کھولے گئے ہیں ۔ایک آئی اے ایس افسر کو ایک ضلع کا چارج دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی نے اعتراف کیا کہ گزشتہ سال امفان طوفان سے نمٹنے کے دوران جوتجربے ہوئے انہیں بروئے کار لاکر یاس طوفان سے نمٹنے کے لئے کام کئے جارہے ہیں ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ مشرقی مدنی پور اور دیگر دو اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ سے بات کی ہے ۔ان اضلاع میں سب سے زیادہ نقصانات کا اندازہ ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مشرقی مدنی پور کے ضلع کلکٹرکورونا سے متاثر ہونے کے باوجود پوری تیاریو کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ ممتا نے مزید کہا کہ یاس طوفان سے نمٹنے کی تیاری اور بچاؤ کے کام کے لئے پولیس ، فوج ، ڈاکٹروں ، نرسوں ، آئی سی ڈی ایس اہلکاروں پر مشتمل تقریبا 3 لاکھ افراد کی طرف سے ماسٹر پلان تیار کیا گیا ہے ۔ ہر بلاک سطح پر تیاریاں کی گئی ہیں۔ جیسے ہی طوفان جھارکھنڈ کی طرف بڑھے گا اسی طرح بیر بھوم اور بانکوڑہ کے ضلع کلکٹروں کو بھی مستعد کردیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی ممتا بنرجی نے گنگا ندی میں پانی کی سطح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر گنگا میں پانی کی سطح بلند ہوتی ہے توکلکتہ میں بھی سیلاب آنے کا خطرہ ہے ۔ تاہم وزیر اعلی نے یقین دلایا کہ کولکاتہ میں میونسپلٹیوں کے کوآرڈینیٹرز کو علاقہ کی بنیاد پر یہ ذمہ داری دی گئی ہے تاکہ کہیں بھی نکاسی کے نظام میں کوئی پریشانی نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے عام لوگوں کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ طوفانوں کے دوران کسی کو بھی باہر جانے ، گاڑی چلانے یا کھڑکیاں اور دروازے کھولنے نہیں چاہیے ۔ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ ہر ممکن طریقے سے اپنی حفاظت کریں ۔اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔