بنگال میں کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں :ممتا بنرجی

,

   

کلکتہ: کلکتہ میں کورونا وائرس کے معاملات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اورمغربی بنگال میں کورونا وائرس کے 4.6لاکھ کیس آچکے ہیں تاہم آج وزیر اعظم نریندرمودی کے ساتھ ورچوئیل میٹنگ میں ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ بنگال میں کورونا وائرس کی صورت حال قابو میں ہے ۔وزیرا عظم مودی نے آج آٹھ ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ کورونا کی صورتحال کا جائزہ ورچوئل میٹنگ میں کیا۔ اس میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، وزیر صحت ہرش وردھن ، نیتی آیوگ (صحت) کے ممبر اور سینٹر کی کوڈ ٹاسک فورس کے چیف وی کے پال موجود تھے ۔ مغربی بنگال ، مہاراشٹر ، دہلی ، گجرات ، ہریانہ ، راجستھان ، چھتیس گڑھ اور کیرالہ کے وزرائے اعلی کے ساتھ میٹنگ میں کورونا کی دوسری لہر کو روکنے اور ویکسین کی تقسیم پر بات چیت کی گئی۔ مرکز کے مطابق ان آٹھ ریاستوں میں صورتحال زیادہ خراب ہے ۔ریاستی سیکریٹریٹ کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ وزیر اعلی نے میٹنگ میں مغربی بنگال میں کوویڈ ۔19 کی صورتحال سے متعلق تفصیلات پیش کی۔ بین الاقوامی سرحدکے کھلنے ، تہوار کے موسم کے اختتام اور (لوکل) ٹرین خدمات کی شروعات کے باوجود ریاست میں کوویڈ کی صورتحال قابو میں ہے ۔ تاہم وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ اب بھی ریاست میں کورونا وائرس کے تئیں بیداری میں کمی ہے ۔کورونا کے اصول و قواعد جاننے کے باوجود لوگ ماسک نہیں پہن رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ کورونا کی وبا ختم ہوگئی ہے ۔صرف شمالی 24پرگنہ کے لوگ ہی ماسک پہنے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ، ممتا نے مرکز کی وجہ سے ریاست کو جی ایس ٹی ادا کرنے کی ضرورت پر بھی سوال اٹھایا ہے ۔ جس سے کورونا سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ تاہم دیگر سات ریاستوں نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔