بنگلورو اور کولکتہ میں آج سنسنی خیز مقابلہ متوقع

   

رائے پور،12 مئی (یواین آئی ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے پلے آف کی دوڑ اب ایک ایسے نازک موڑ پر پہنچ چکی ہے جہاں ہر رن اور ہر وکٹ کی اہمیت بڑھ گئی ہے ۔ رائے پور کی تپتی گرمی میں چہارشنبہکی شام ایک ایسا مقابلہ متوقع ہے جو نہ صرف دو پوائنٹس کا فیصلہ کرے گا، بلکہ اس سیزن میں دونوں ٹیموں کے مستقبل کا رخ بھی طے کر دے گا۔ رائل چیلنجرز بنگلورو اس سیزن میں اب تک ایک مکمل اور متوازن ٹیم کے طور پر ابھری ہے ۔11 میچوں میں 7 فتوحات کے ساتھ وہ پلے آف کے بالکل دہلیز پرکھڑے ہیں۔ ٹیم کی اس کامیابی کا محور ایک بار پھر وراٹ کوہلی ہیں، جو 379 رنز بنا کر ٹیم کی دھڑکن ثابت ہو رہے ہیں۔ کپتان رجت پاٹیدار درمیانی اوورز میں بے خوف بیٹنگ کر رہے ہیں، جبکہ ٹیم ڈیویڈ بطور فنشر حریف بولروں کے لیے ڈراؤنا خواب بنے ہوئے ہیں۔ ممبئی انڈینز کے خلاف گزشتہ میچ میں کرونال پانڈیا کی46 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز نے ثابت کیا کہ یہ ٹیم دباؤ میں بکھرتی نہیں بلکہ نکھرتی ہے ۔بولنگ میں بھونیشور کمار اپنی پرانی فارم میں نظر آرہے ہیں، جنہوں نے اپنی سوئنگ اورکنٹرول سے اب تک 21 وکٹیں حاصل کیے ہیں۔دوسری جانب کولکتہ نائٹ رائیڈرز ہے ، جس نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے ۔ لگاتار چار فتوحات نے انہیں ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کے دہانے سے نکال کر دوبارہ پلے آف کی دوڑ میں شامل کردیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر فِن ایلن نے دہلی کے خلاف ناقابلِ شکست سنچری بناکر مخالف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ۔ رائے پورکی وکٹ پر سنیل نارائن، ورون چکرورتی اور انوکول رائے کی مثلث آر سی بی کے بیٹرس کے لیے بڑا امتحان ثابت ہو سکتی ہے ۔ کیمرون گرین کی بڑھتی ہوئی فارم اور رنکو سنگھ کا فنشنگ ٹچ کے کے آر کو ایک خطرناک حریف بنا رہا ہے ۔آئی پی ایل کی تاریخ2008 میں انہی دو ٹیموں کے مقابلے سے شروع ہوئی تھی، اور آج 18سال بعد بھی اس رقابت کی چمک برقرار ہے ۔ ایک طرف دفاعی چمپیئن کا وقار ہے ، تو دوسری طرف کے کے آر کا وہ جنون جو انہیں کسی بھی کرشمے کے لیے تیار رکھتا ہے ۔ شہید ویر نارائن سنگھ اسٹیڈیم میں جب یہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، تو شائقینِ کرکٹ کو ایک ایسا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جہاں غلطی کی گنجائش نہ ہونے کے برابر ہے ۔کیا آر سی بی پلے آف میں اپنی جگہ پکی کر لے گی، یا کولکتہ کی جیت کا تسلسل برقرار رہے گا؟ اس کا فیصلہ چہارشنبہ کی رات میدانِ جنگ میں ہوگا۔اس مقابلے میں کرکٹ شائقین کی توجہ دونوں ٹیموں میں موجود چند اسٹار کھلاڑی ہوں گے جن میں سب پہلے کوہلی بمقابلہ نارائن ہوں گے کیونکہ یہ دونوں بیٹنگ اور بولنگ میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ۔