بنگلورو : کرناٹک کے شہر بنگلورو کے قریب نیلا منگلا میں دوسرے ایئرپورٹ کیلئے حکومت نے اس کے محل وقوع کو قطعیت دے دی ہے ۔ ایئرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا (AAI) کے وضع کردہ تمام تکنیکی معیار کو مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ اسے ایک بہترین ہوا بازی کے مرکز میں تبدیل کیا جاسکے ۔ بنگلورو ایئرپورٹ سے چونکہ فضائی ٹریفک میں خاطر خواہ اضافہ ہواہے لہذا نیلا منگلا میں تعمیر ہونے والے ایئرپورٹ سے فضائی ٹریفک کو بھی کنٹرول کیا جاسکے گا جن میں مسافرین کے علاوہ کارگو آپریشن بھی شامل ہے ۔اس ایئرپورٹ کی تعمیر کے بعد اس علاقہ میں عوام کی رسائی آسان ہوجائے گی۔ نیلا منگلا میں ایئرپورٹ کی تعمیر کے بعد اسے ایک بہترین انفراسٹرکچر والا ایئرپورٹ کا درجہ حاصل ہوگا ۔بنگلورو شہر سے اسکا فاصلہ صرف 30 کلومیٹر ہے جبکہ قومی شاہراہ سے بھی اس کا ربط رہے گا جو آمد و رفت کیلئے مفید ثابت ہوگا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ملک کے بیشتر بڑے شہرو ں جیسے ممبئی ، حیدرآباد اور دیگر میں دو ایئرپورٹس ہیں ۔