حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی اور بلدی نظم و نسق کے ٹی راماراؤ نے جمعہ کو کامیڈینس کونال کامرا اور منور فاروقی کو حیدرآباد میں ان کے پروگرامس منعقد کرنے کیلئے مدعو کیا جنہیں حال میں بنگلورو میں ان کے شو منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا تھا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہمارے شہر میں، مقبول کامیڈینس کو کھلے طور پر ان کے پروگرامس منعقد کرنے کے لئے مدعو کیا جانا ہے۔ ہم منور فاروقی اور کونال کامرا کے شوز کو محض اس لئے منسوخ نہیں کرتے ہیں کہ ہم سیاسی اعتبار سے ان کی صف میں نہیں ہوتے ہیں۔ ہم واقعی ان کا خیرمقدم کررہے ہیں اور یہ بات میں محض بنگلورو کے لوگوں کو بتا رہا ہوں‘‘۔ کے ٹی آر حیدرآباد میں ماس میوچول آفس کے افتتاح کے موقع پر مخاطب تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آپ لوگ (بنگلورو والے) کاسمو پولٹین شہر کا دعویٰ کرتے ہیں اور آپ کامیڈی کو برداشت نہیں کرتے اور یہ بات میری سمجھ میں نہیں آتی ہے۔ ہم واقعی کاسمو پولٹین شہر والے ہیں جو تمام کلچرس، تنقید کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ آپ یہاں آسکتے ہیں اور حکومت پر تنقید بھی کرسکتے ہیں۔ دراصل ہم پر ہر دن اپوزیشن کی جانب سے کافی تنقیدیں کی جاتی ہیں لیکن ہم بہت برداشت کرنے والے ہیں۔ مجھ پر بھروسہ کریں، حیدرآباد آنے کے خواہاں تمام لوگوں کیلئے ہم اس شہر کو آپ کا مقام اور آپ کا گھر بنانا چاہتے ہیں۔ اس طرح ہم آپ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ گذشتہ ماہ فاروقی کو ہندو رائٹ۔ ونگ تنظیموں کے احتجاج کے درمیان بنگلورو، کرناٹک میں شو منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا تھا۔ اس کے چند دن بعد، اپنے شو میں حکومت پر تنقید کرنے والے کامرا نے کہا کہ ان کے شوز جو بنگلور میں منعقد کئے جانے والے تھے، اس کے آرگنائزرس کو دھمکیوں کی وصولی کے بعد منسوخ کردیئے گئے۔