بنگلہ دیشی 3.5 ملین بچے پینے کے صاف پانی سے محروم

   

نیویارک ؍ ڈھاکہ : اقوام متحدہ کے مطابق رواں ماہ آنے والے تباہ کن سیلابوں کے بعد بنگلہ دیش میں ساڑھے تین ملین بچے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور انہیں پینے کے لیے محفوظ پانی کی اشد ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے بچوں کے امدادی ادارے یونیسیف نے اپیل کی ہے کہ اسے بنگلہ دیش کے ان کئی ملین بچوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے لیے 2.5 ملین ڈالر کی امدادی رقوم کی فوری ضرورت ہے۔ جنوبی ایشیائی ملک بنگلہ دیش اور اس کے ہمسایہ ملک بھارت میں اسی مہینے مون سون کی شدید بارشوں کے بعد وسیع تر علاقوں میں آنے والے سیلابوں نے گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس بار کہیں زیادہ تباہی مچائی۔ ان سیلابوں کی وجہ سے ان دونوں ممالک میں درجنوں افراد ہلاک اور کئی ملین متاثر ہوئے۔