بنگلہ دیش میں دو ٹرینوں میں تصادم، 16 افراد ہلاک

   

ڈھاکہ:بنگلہ دیش میں پیر کو دو ٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں کم از کم 16افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 80 کلومیٹر (50 میل) دور بھیراب کے مقام پر ایک مسافر ٹرین ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔پیر کی سہ پہر دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اخبار‘ڈھاکا ٹریبیون’کے مطابق اس واقعے میں اب تک 16 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ 100 کے قریب لوگ زخمی ہیں۔ ان میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔یہ تصادم کشور گنج علاقے میں ہوا۔ ایک مسافر ٹرین پٹڑی پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ مسافر ٹرین کے ڈبوں میں اب بھی کئی لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔بچاو? ٹیم موقع پر موجود ہے۔‘بنگلہ دیش ٹوڈے’کی رپورٹ کے مطابق اب تک 15 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ فائر سروس اور شہری دفاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پردھان سرکار نے اس کی تصدیق کی ہے۔مقامی پولیس افسر عبدالعلیم سکدار نے کہاکہ کئی زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ کچھ لوگ اب بھی ٹرین کے نیچے اور ڈبوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہیں ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں۔ مسافر ٹرین کی دو بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ یہ واقعہ شام 4 بجے کے قریب پیش آیا۔ اس حادثے کے بعد ڈھاکہ۔چٹاگانگ اور سلہٹ-کشور گنج ٹریک پر ریل خدمات روک دی گئی ہیں۔ ٹریک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔