بنگلہ دیش میں ٹرین حادثہ ،چار ہلاک

   

ڈھاکہ، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں مولوی بازار کے کلورا میں بوروماچل پل پر اتوار کی رات اپون ایکسپریس کے پانچ ڈبے پٹری سے اتر جانے سے کم از کم چار افراد کی موت ہو گئی اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ محکمہ فائر اینڈ سروس کے افسر نورن نبی نے پیر کو بتایا کہ پیر کی رات 11 بجکر 50 منٹ پر یہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثے میں شمال مشرقی شہر سلھٹ سے ڈھاکہ کی طرف جا رہی ٹرین کے پانچ ڈبے پٹری سے اتر گئے جن میں ایک ڈبہ نہر میں گر گیا اور دو نہر کے کنارے گرے ۔ اندھیرے کی وجہ سے راحتی عملے کو بچاؤ کاروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نبی نے بتایا کہ اس حادثے میں چار افراد کی موقع واردات پر ہی موت ہو گئی اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ مہلوکین کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے ۔