ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں 2.8 بلین ڈالر کی لاگت سے بننے والی پہلی میٹرو ریل لائن کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس شہری ریلوے منصوبے کے لیے زیادہ تر فنڈز جاپان فراہم کر رہا ہے۔بنگلہ دیش سن2030 تک ایک سو سے زائد اسٹیشنوں کے ساتھ ایسی چھ میٹرو لائنیں تعمیر کرنا چاہتا ہے۔ یہ منصوبہ زیادہ تر جاپانی ترقیاتی فنڈز کی مدد سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ ڈھاکہ کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد شہروں میں ہوتا ہے اور اس کی آبادی بائیس ملین کے قریب ہے۔بنگلہ دیشی حکام دارالحکومت میں بھیڑ کو کم کرنا چاہتے ہیں جبکہ زیادہ ٹریفک نہ صرف بنگلہ دیش کی ترقی کو متاثر کر رہی ہے بلکہ شہریوں کے غم و غصے میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔اس ملک کے مقامی محققین کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام رہنے کی وجہ سے کام کا بہت زیادہ وقت ضائع ہو جاتا ہے اور اس طرح دارالحکومت کی معیشت کو ہر سال تین بلین ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ دارالحکومت کی زیادہ تر سڑکیں آئے دن ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے بھی بند ہو جاتی ہیں اور ہر سال مون سون کی بارشیں بھی ان کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ بنتی ہیں۔توقع کی جا رہی ہے کہ جب یہ لائن مکمل طور پر فعال ہو جائے گی تو ہر گھنٹے ساٹھ ہزار افراد اس کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔ ڈھاکہ کے شہری بے چینی سے یہ منصوبہ مکمل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔