ڈھاکہ۔ چٹاگانگ کے ظہور احمد چودھری کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو8 وکٹوں شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیئے گئے 202 رنز کا ہدف 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ہدف کے تعاقب میں عابد علی91 اور عبدﷲ شفیق73 بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم13 اور اظہر علی24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔دوسری اننگز میں بھی پاکستانی اوپنرز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ عابد علی91 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں12 چوکے شامل تھے تاہم وہ دوسری اننگز میں مقابلے کی متواتر دوسری سنچری سے محروم رہے جبکہ عبدﷲ شفیق نے73 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں8 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔پاکستان نے پانچویں روزکے کھیل کا آغاز بغیرکوئی کھلاڑی آؤٹ کے 109 رنز پرکیا، ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ151 اور دوسری171 رنز پر گری۔عبدﷲ شفیق کو مہدی حسن نے آؤٹ کیا جبکہ عابد علی کی وکٹ تیج الاسلام نے لی۔خیال رہے دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم157 پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف ملاتھا۔