نئی دہلی۔ فیفاورلڈ کپ 2022 اورایشیا کپ2023 کے مشترکہ کوالیفائر میں کھیلے گئے مقابلے میں سنیل چھتری کے شاندار دو گولس کی بدولت ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 2-0 سے شکست دے کر ٹورنمنٹ میں پہلی کامیابی درج کی۔ سنیل چھتری نے میچ کے79 ویں اور92 ویں منٹ میںگول کیا۔ اس کی بدولت چھتری نے بین الاقوامی گولوں کی تعداد117 میچوں میں74 تک پہنچا دی ہے ۔انٹرنیشنل گول کے معاملے میں چھیتری دسویں مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ میسی 12 ویں نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 143 میچوں میں 72 گول کئے ہیں۔ ایران کے سابق کھلاڑی علی دیئی149 میچوں میں109 گولوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو 174 میچوں میں 103 گولوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ میچ کے بعد چھیتری نے کہا کہ میں گول کرتے وقت گنتا نہیں ہوں ۔ ایک مرتبہ جب میں دس سال کے کرئیر کے بعد کنارہ کشی اختیار کر لوں گا تو اس کے بارے میں ضرور بات کروں گا۔ ہندوستان پہلے ہی 2020 فیفا عالمی کپ سے باہر ہوچکا ہے لیکن اس کے پاس ایشیاء کپ 2023 میں کوالفیائی کرنے لئے بہترین مواقع ہیں۔ ایشیا کپ 2023 میں چین میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان کا اگلا مقابلہ پندرہ جون کو افغانستان کے ساتھ ہے ۔بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی سے ہندوستانی ٹیم کے سات میچوں میں سات نشانات ہوگئے ہیں اور وہ ٹیموں کے جدول میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔ سنیل نے جہاں اپنے ریکارڈ کو زیادہ اہمیت نہیں دی وہیں دنیا بھر سے انہیں مبارک بادی کے پیغامات مل رہے ہیں۔