بوئن پلی اغوا کیس میں مزید 15 افراد گرفتار

   

حیدرآباد : بوئن پلی اغواء معاملہ میں مزید 15 افراد کو ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے آج پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار شدہ افراد میں ایک ایونٹ منیجر اور گنٹور سینو نامی شخص شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پروین راؤ اور ان کے دو بھائیوں کو 6 جنوری کو اغواکرلیا گیا تھا اور اغواء کنندگان نے انکم ٹیکس عہدیدار کے بھیس میں وہاں پہنچ کر یہ واردات انجام دی تھی ۔ انجنی کمار نے کہا کہ سابقہ وزیر اکھیلا پریہ اس کیس کی کلیدی ملزم ہے اور انکے شوہر ایم بھارگو رام نائیڈو اور ان کے بھائی جگت وکھیات ریڈی اور قریبی حامی گنٹور سینو بھی ملوث ہے ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ اغواء کی واردات سے قبل مذکورہ افراد نے کوکٹ پلی میں ایک اپارٹمنٹ میں سازش رچی تھی اور گنٹور سینو کے علاوہ ایک ایونٹ منیجر ایم سدھارتھ کی مدد حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ منیجر نقلی آئی ٹی عہدیداروں کو فراہم کیا تھا ۔ کمشنر نے کہا کہ انکم ٹیکس دھاوے کے نام پر پروین راؤ کے مکان میں داخل ہوکر ملزمین نے چہرے پر نقاب ڈالکر اغواء کیا تھا ۔ کیس میں گاڑیوں کے نقلی نمبر پلیٹ کا استعمال کیا گیا ۔ انجنی کمار نے کہا کہ جرم کے بعد ملزمین گاڑیوں کو سن سٹی و آؤٹر رنگ روڈ کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں گرفتار ملزمین کے خلاف تکنیکی اور ٹھوس شواہد موجود ہیں ۔