معطل شدہ ملازم کی کارستانی، سکریٹری بورڈ نوین متل کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔30۔ جنوری (سیاست نیوز) سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نوین متل نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کے متوازی ایک اور کمشنر سسٹم کام کر رہا ہے۔ حیدرآباد میں آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نوین متل نے کہا کہ ایک شخص نے سارے نظام کو اپنے قبضہ میں لے لیا ہے ۔ بورڈ کے دفتر میں واقع سی سی ٹی وی کیمرہ میں الٹ پھیر کی گئی۔ ان کی جانب سے ایک عہدیدار سے کی گئی بات چیت کی تفصیلات فوری طور پر تیسرے شخص تک پہنچ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کا پاس ورڈ بھی ایک ایسے شخص کے پاس موجود ہے جو بورڈ کا ملازم نہیں ہے اور وہ کیمروں کی نگرانی کر رہا ہے ۔ پرچوں کی آن لائین جانچ کی مخالفت کا حوالہ دیتے ہوئے نوین متل نے کہا کہ مینول جانچ کے ذریعہ رقومات حاصل کرنے والے افراد آن لائین جانچ کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے ڈیٹا کی چوری ہوئی ہے جس کے بارے میں پولیس میں شکایت درج کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اے سی بی اور دیگر مقدمات میں ملوث ایک معطل شدہ جونیئر لکچرر نے بورڈ کے عہدیداروں کے خلاف الزامات عائد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک معطل شدہ شخص جس کا بورڈ سے کوئی تعلق نہیں ، وہ سرکاری کام کاج میں مداخلت کر رہا ہے جس کے نتیجہ میں کئی شبہات پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کی چوری اور سی سی ٹی وی کیمروں میں الٹ پھیر کے معاملہ میں بیگم بازار پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کی چوری کا معاملہ سنگین نوعیت کا ہے ، لہذا اس معاملہ میں اعلیٰ سطحی جانچ ہونی چاہئے ۔ جونیئر لکچرر اسوسی ایشن کی جانب سے عائد کردہ الزامات مسترد کرتے ہوئے نوین متل نے کہا کہ آن لائین پرچوں کی جانچ کا نظام انتہائی محفوظ ہے اور بے قاعدگیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے ڈیجیٹل جانچ کے طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا اور یہ طریقہ کار محفوظ اور طلبہ کے مفاد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرچوں کی جانچ میں کسی بھی خامی کے بجائے شفافیت یقینی بنانے کیلئے ڈیجیٹل سسٹم متعارف کیا گیا ہے۔ر