بولیویا کی صدر کی جانب سے تمام وزراء کو مستعفی ہونے کی ہدایت

   

لاپاز۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بولیویا کی عبوری صدر جینائن آنیز نے اپنے تمام وزراء کو عام انتخابات کے انعقاد سے تین ماہ قبل ہی استعفیٰ دینے کی ہدایت کی ہے۔ صدر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی۔ یہ خبر ایک ایسے وقت منظرعام پر آئی ہے جب صرف کچھ گھنٹوں قبل ہی وزیرمواصلات روگزانا لیزاراگا نے جینائن آنیز کی جانب سے 3 مئی کو منعقد شدنی انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لینے کے خلاف اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ جس وقت آنیز گذشتہ سال 12 نومبر کو صدر کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہوئی تھیں اس وقت انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کا آئندہ صدارتی انتخابات لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن جمعہ کے روز انہوں نے یہ اعلان کرکے سب کو چونکا دیا تھا کہ وہ صدارتی انتخابات کی امیدوار ہوں گی اور اسی اعلان کی مخالفت میں روگزانا مستعفی ہوگئی تھیں۔ قبل ازیں ایک اوپنین پول میں جس کی اشاعت اتوار کو عمل میں آئی تھی ، آنیز کو صرف 12 فیصد عوامی تائید حاصل تھی۔