پرنسس عیسن اسکول جل پلی کی سالانہ تقریب، محترمہ سلطانہ نظیرالحسن و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔3فبروری(سیاست نیوز) ڈائرکٹر پرنسیس عیسین گرلز ہائی اسکول محترمہ سلطانہ نظیر الحسن نے جل پلی برانچ کی پہلی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کو پوری تیاری کے ساتھ اسکول روانہ کریں ۔ انہوںنے مزیدکہاکہ وقت کی پابندی او رڈسپلن ترقی کی چابی ہے اور اگر بچوں کو کم عمری سے ہی وقت کا پابند اورشائستگی سیکھائیں تو یقینا یہ ان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کواسکول بھیجنا ہی کافی نہیںہے بلکہ ان کی تعلیمی سرگرمیوں پر گھر میں نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ گھر میں ایک بہترین ماحول کی فراہمی بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ آداب بھی بچوں کو سیکھانا ضروری ہے ۔ انہوں نے اس کے لئے گھر میں بچوں کے ساتھ بہتر انداز میںگفتگو کرنے کو ضروری قراردیا۔انہوں نے کہاکہ رات دیر گئے تک جاگنا جہاں پر بچوں کی تعلیم کو متاثر کرتا ہے وہیں ان کی صحت کے لئے بھی یہ مضرہے ۔ دعوتوں ‘ مجالس‘ دیگر گھریلو پروگراموں کے بہانے بچوں کو اسکول تاخیر سے بھیجنا یاپھر بچوں کے غیر حاضر ہونے کو بھی انہوں نے غیر شائستہ عمل او رطریقہ قراردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر بچوں کے لئے ڈسپلن کی شروعات گھر سے ہوتی ہے تو اسکول میں اس کو اختیار کرنے میں بچوں کودشواریاں پیش نہیں آتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ والدین بالخصوص مائوں پر اس بات کی زیادہ ذمہ داری ہے وہ بچوں کی بہتر نشوونما میں اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دیں۔ انہوں نے پرنسیس ایسین گرلز ہائی اسکول جل پلی برانچ کی تفصیلات بھی بتائیں اور نظامیہ حیدرآباد ویمنس اسوسیشن ٹرسٹ کی جانب سے چلائے جانے والے تعلیمی ادارے پرنسیس عیسین گرلز ہائی اسکول کی تاریخ سے بھی واقف کروایا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ 1974میںپی ای نرسری اسکول کومذکورہ ٹرسٹ نے قائم کیاتھا ۔ انہوںنے کہاکہ مفخم جہاہ بہادر بچوں کی تعلیم کے لئے کافی فکر مند تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ہرسال این ای ای ٹی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایم بی بی ایس کے علاوہ دیگر پیشہ وارانہ کورسیس میں اسکول ہذا کے پانچ طالبات کو ریزرویشن کے تحت داخلہ ملتا ہے۔ جل پی برانچ میں سالانہ تقریب کے دوران کم عمر طالبات کے رنگارنگ پیشکش سے نہ صرف اساتذہ بلکہ اولیاء طلباء بھی محظوظ ہوئے ۔ تعلیم کی اہمیت پر پیش کئے گئے نکڑ ناٹک نے سب کو حیران کردیا۔ اس کے علاوہ میوزیکل پروگراموں کی پیشکش میں ہندوستان کی تہذیب اورتمدن اور علاقائی ثقافت کوپیش کرتے ہوئے طالبات نے سامعین کا دل جیت لیا۔ جناب قمر محمدخان ‘ کے علاوہ سیدہ خدیجہ‘ ذاکرہ سلطانہ‘عرشیہ سلطانہ ‘ ہاجرہ فاطمہ ‘ جویریہ معزاو راسکول کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ قومی ترانہ پر تقریب کا اختتام عمل میںآیا۔