بچوں کی ذہانت کو فروغ کیسے دیا جائے؟دفتر سیاست میں اتوار کو مفت سمینار

   

حیدرآباد۔14۔ فروری (سیاست نیوز) اکثر والدین کی یہ شکایت ہوتی ہے کہ ان کے بچے تعلیم میں بہت کمزور ہیں ۔ اسکول میں جو ٹسٹس ہوتے ہیں یا امتحانات منعقد کئے جاتے ہیں، ان میں بچوں کا مظاہرہ اطمینان بخش نہیں ہوتا۔ ایسے والدین کی شکایت بھی جائز ہے ، اس لئے کہ جو بچے اپنے دماغ یا ذہنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہیں ان کا تعلیمی مظاہرہ بہت اچھا ہوتا ہے ۔ اب سوال یہ ہے کہ آخر بچے تعلیمی میدان میں اچھا مظاہرہ کیوں نہیں کرتے؟ ، اگر وہ کچھ یاد بھی کرتے ہیں تو کچھ دیر کیلئے وہ یاد رہتا ہے اور پھر وہ سبق بھول جاتے ہیں ۔ اللہ عز وجل نے ہر انسان کو دماغ عطا کیا ۔ عقل و دانش سے نوازا ہے ۔ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کی نعمت دی ہے جسے وہ استعمال میں لاکر پڑھتا لکھتا اوریاد کرتا ہے ۔ فیصلہ کرتا ہے‘ مختلف اشیاء کی نشاندہی کرتے ہوئے اس بارے میں کچھ بیان کرتا ہے۔ غرض کہ اس کا لکھنا پڑھنا بول چال ، کھیل کود ، ہنسنا ، رونا ، دیکھنا ، چلنا ، پھرنا یعنی جسم کے ہر فعل کا تعلق دماغ سے ہوتا ہے ۔ انسانی جسم میں اوسطاً 1300 تا 1400 گرام وزنی دماغ پایا جاتا ہے اور جسم کا ہر فعل ‘ہر کام کسی نہ کسی طرح دماغ سے جڑا رہتا ہے اور جب بچے دماغ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرتے ہیں تو ان کی دماغی صلاحیتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا ہے ۔ اب سوال یہ ہے کہ بچوں کی دماغی صلاحیتوں اور ان کی ذہانت کو پہلے ہی سے کیسے پرکھا جائے ۔ کیسے ان کی میموری یا یادداشت کو تیز کیا جائے ؟ اس سوال کا جواب آپ کو 19 فروری بروز اتوار صبح ساڑھے دس سے دوپہر ایک بجے تک روزنامہ سیاست عابڈس کے عابد علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے مفت سمینار میں ملے گا۔ اس سمینار سے قومی و بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین طلباء و طالبات اور ان کے والدین سے خطاب کریں گے ۔ اس سمینار میں والدین اپنے دو بچوں کیساتھ شرکت کرسکتے ہیں۔ محدود نشستیں ہیں رجسٹریشن کا آغاز ہوچکا ہے ۔ سید رضوان سے فون نمبر 7711991169 پر ربط پیدا کر کے اپنے بچوں کے ناموں کا اندراج کرواسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سمینار میں ماہرین ان حقائق پر روشنی ڈالیں گے جو آپ کے بچوں کی میموری کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ سمینار ایسے والدین کیلئے ایک نعمت غیر مترقبہ ہے جو اپنے بچوں کی تعلیم اور ان کی ناقص کارکردگی کو لیکر پریشان ہیں۔ ماں باپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہمارے جسم کا دارومدار دماغ پر ہوتا ہے ۔ دماغ کے مختلف حصے جسم کے کام انجام دیتے ہیں۔ ماہرین مفت سمینار میں آپ کو اس جاپانی ٹکنکس کے بارے میں بتائیں گے جس کے ذریعہ آپ کے بچوں کا دماغ تیز ہوگا ۔ آپ کو میگا اسٹار کون بنے گا کروڑ پتی میں حصہ لے چکی وہ کمسن لڑکی ضرور یاد ہوگی جس نے اپنی آنکھوں پر سیاہ پٹی باندھ کر نہ صرف مختلف اشیاء کی شناخت کی بلکہ ان کے رنگ و شکل کے بارے میں بھی بتاکر امیتابھ بچن کو حیران کردیا تھا۔ امیتابھ بچن اس لڑکی کی اس صلاحیت پر بھی حیران رہ گئے تھے جس کے ذریعہ اس نے صرف سونگھ کر کتاب میں لکھے گئے اسباق کو پڑھ کر سنایا۔ دراصل وہ بھی اسی جاپانی ٹکنک کا نتیجہ ہے۔ جہاں تک انسانی دماغ کا سوال ہے ، ہم اپنے دماغ کا صرف 1/10 حصہ استعمال کرتے ہیں اور جو لوگ اس سے زیادہ حصہ استعمال کرتے ہیں تو پھر وہ دنیا میں اپنی ایک علحدہ شناخت بنانے میں کامیاب رہتے ہیں اور ان کا شمار عظیم انسانوں ، سیاستدانوں ، دانشوروں ، موجدین اور نامور کھلاڑیوںمیں ہوتا ہے۔