بچوں کی پیدائش کے رجسٹریشن میں ہندوستان اور بنگلہ دیش سب سے آگے

   

174 ممالک سے حاصل کئے گئے ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کی گئی یونیسیف کی رپورٹ
افریقی ممالک ایتھوپیا، زمبیا اور چاڈ سب سے پیچھے

اقوام متحدہ ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ ایک دہائی میں پیدائش کے رجسٹریشن میں کافی اضافہ دیکھا گیا ہے اور خصوصی طور پر جنوبی ایشیائی ممالک ہندوستان، بنگلہ دیش اور نیپال جیسے ممالک نے اس سلسلہ میں اپنے اہم رول ادا کئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی بچوں کی ایجنسی نے یہ بات بتائی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ موجودہ طور پر پانچ سال سے کم عمر کے چار کے منجملہ تین بچوں کی پیدائش کا رجسٹریشن کروایا جاتا ہے جبکہ 2000ء میں یہی تناسب 10 کے منجملہ 6 بچوں کی تھی اور صورتحال میں تبدیلی گذشتہ 10 سالوں کے دوران آئی ہے جو بہتری کی جانب ایک اچھی پیشرفت ہے۔ یو این چلڈرنس فنڈ (یونیسیف) نے اپنی ایک نئی رپورٹ میں یہ بات بتائی جسکا عنوان ہے ’’برتھ رجسٹریشن فار ایوری چائلڈ بائے 2030 : آر وی آن ٹریک؟‘‘ اس رپورٹ کے ذریعہ 174 ممالک سے حاصل ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا ہے جس میں خصوصی طور پر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کی پیدائش کا عالمی سطح پر رجسٹریشن کے تناسب کو پیش کیا گیا ہے جسے گذشتہ دس سال کے مقابلے میں 20 فیصد زائد پایا گیا ہے بہ الفاظ دیگر 63 فیصد سے 75 فیصد رجسٹریشن کروائے گئے ہیں۔ یاد رہیکہ جب بھی عالمی سطح پر ترقی کی پیمائش یا اس کا احاطہ کیا جاتا ہے تو وہ جنوبی ایشیاء سے کیا جاتا ہے خصوصی طور پر بنگلہ دیش، ہندوستان اور نیپال سے۔ ان ممالک میں پیدائش کے رجسٹریشن کی سطح میں تین گنا اضافہ ہوچکا ہے یعنی 20 سال قبل اسکا تناسب 23 فیصد تھا اور اب اسکا تناسب 70 فیصد ہے جہاں تک ہندوستان کا تعلق ہے تو 2005-06ء میں رجسٹریشن کا تناسب 41 فیصد سے بڑھ کر اب 80 فیصد ہوچکا ہے۔ یونیسیف اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کے ساتھ پیدائش کے رجسٹریشن کیلئے ترجیحی طور پر کام کررہی ہے جس میں کمیونٹی ورکرس کی تربیت اور عوامی بیداری کے پروگرام کا انعقاد بھی شامل ہے۔ دوسری طرف دلچسپ بات یہ ہیکہ جنوبی ایشیائی ممالک کے برعکس افریقہ اس معاملہ میں دیگر ممالک سے کافی پیچھے ہے جن میں ایتھوپیا، زمبیا اور چاڈ ایسے ممالک ہیں جہاں بچوں کی پیدائش کے رجسٹریشن کا اوسط سب سے کم ہے جبکہ 2030ء تک افغانستان اور پاکستان میں بھی بچوں کی پیدائش کے رجسٹریشن میں تیزی لائی جانا ضروری ہے۔
بنگلہ دیش کی پلاسٹک فیکٹری میں آگ ، 13 ہلاک
ڈھاکہ ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) غیرقانونی طور پر چلائی جانے والی ایک پلاسٹک فیکٹری میں آگ لگنے سے 13 افراد ہلاک اور 21 دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پرائم پیٹنٹ پلاسٹک لمیٹیڈ میں چہارشنبہ کی سہ پہر آگ لگی جو ڈھاکہ کے نواحی علاقہ میں واقع ہے۔ زخمیوں میں سے 13 ورکرس جانبر نہ ہوسکے جبکہ 21 دیگر زخمیوں کو ڈھاکہ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں بغرض علاج شریک کیا گیا۔ شام 5:45 بجے تک محکمہ آتش فرو اور سیول ڈیفنس نے آگ پر قابو پالیا۔