بچوں کے موبائل فونس پر ویڈیوز دیکھنے کی عادت سے والدین پریشان حال

   


ڈاکٹرس سے رائے مشورے ، منفی نتائج ، ذہنی خرافات و تھکاوٹ میں اضافہ
حیدرآباد۔2۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) بچوں میں موبائیل کے استعمال کے رجحان اور موبائیل فونس پر ویڈیو دیکھنے کی عادت اب والدین کے لئے تشویش کا باعث بننے لگی ہے اورکہا جا رہاہے کہ تلنگانہ بالخصوص ریاست کے شہری علاقوں میں والدین اپنے بچوں کو موبائیل کی عادت چھڑانے کے لئے ڈاکٹرس سے مشورہ کررہے ہیں ۔ڈاکٹرس کے مطابق 10میں 4بچے جن کی عمر 9تا17 سال کے درمیان ہے وہ موبائیل پر ویڈیوز دیکھنے کے عادی بن چکے ہیں جس کی وجہ سے وہ ذہنی طور پر تھکاوٹ کا شکار ہونے لگے ہیں۔بچوں کو موبائیل سے دور کرنے کی کوشش پر ان میں چڑچڑاپن شروع ہورہا ہے جو کہ ان کی صحت کے لئے مضر ہے۔کورونا وائرس لاک ڈاؤن اور آن لائن تعلیم کے رجحان کے بعد بچوں میں موبائیل کے استعمال کی عادت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس اضافہ کے منفی نتائج اب سامنے آنے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ 9تا17 سال کے بچوں میں ذہنی خرافات کے علاوہ تھکاوٹ محسوس ہونے لگی ہے اور اسے دور کرنے کے لئے متفکر والدین اپنے بچوں کو ماہرین امراض نفسیات سے رجوع کرنے پر مجبور ہورہے ہیں اور بیشتر والدین کو اس بات کا احساس بھی نہیں ہے کہ ان کے بچے موبائیل فون پر ویڈیو دیکھنے کے عادی بننے کے بعد بغیر موبائیل کے سونے کے لئے تک آمادہ نہیں ہیں ۔اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے والدین کے لئے ضروری ہے کہ وہ بچوں کی موجودگی میں موبائیل کا کم سے کم استعمال کریں اور ٹیکنالوجی سے آگہی کے نام پربچوں کو موبائیل ان کی مرضی کے مطابق استعمال کی اجازت ہرگز نہ دیں بلکہ اپنی نگرانی میں ہی استعمال یقینی بنائیں۔م