تانڈور میں پولیس کا دھاوا، خراب چینی، مصنوعی کیمیکلس ضبط، ملزم گرفتار
تانڈور 21 اگست(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تانڈور میں بچوں کے کھانے پینے کی اشیاء کو بھی مبینہ طور پر ملاوٹ کے ذریعے زہریلا بنانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ فوڈ سیفٹی اور پولیس حکام کی مشترکہ کارروائی میں ایک مکان پر دھاوا بول کر خراب چینی، مصنوعی کیمیکلز اور میعاد ختم ہونے والی بچوں کی غذائی اشیاء برآمد کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو تانڈور کے گنج علاقے میں فوڈ سیفٹی اور ٹاؤن پولیس کی ٹیم نے ایک مکان پر اچانک چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق مکان میں سندر مورتی سندر نامی شخص مختلف قسم کی کھانے پینے کی اشیاء تیار کرکے ہول سیل میں فروخت کرنے کا کاروبار کر رہا تھا۔چھاپے کے دوران وہاں مصنوعی کیمیکلز، خراب چینی اور بچوں کے استعمال کی متعدد میعاد ختم شدہ غذائی اشیاء پائی گئیں۔ حکام نے تمام مشتبہ اشیاء کو ضبط کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ٹاؤن پولیس کے ایس آئی نعمان علی نے بتایا کہ ملاوٹ شدہ غذائی اشیاء کے خلاف خصوصی نگرانی جاری ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں بھی ملاوٹ شدہ یا مشتبہ غذائی اشیاء کی تیاری یا فروخت کی اطلاع ملے تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔بچوں کی صحت سے کھلواڑ پر تانڈور میں یہ سوال بھی شدت سے اٹھنے لگا ہے کہ آخر بچوں کے کھانے تک میں ملاوٹ کا کاروبار کیسے جاری رہا؟ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے غذائی اشیاء کی تیاری اور فروخت کرنے والے مراکز کی باقاعدہ جانچ کی جائے۔