بچوں کے ہاتھ میں اکثر اسمارٹ فونس رہنے سے بڑا نقصان

   

حیدرآباد ۔ 15 ڈسمبر (سیاست نیوز) اسمارٹ فونس یا دیگر اسکرین کے سامنے بہت زیادہ وقت گزارنے والے چھوٹے بچوں کی نیند کا معیار گھٹ جاتا ہے، یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ شنگھائی نارمل یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اسکرین کے سامنے بہت زیادہ وقت گزارنے سے بچوں کی نیند متاثر ہوتی ہے۔ جس کے باعث انہیں توجہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جبکہ وہ زیادہ چڑچڑے ہو جاتے ہیں اور رویوں کے دیگر مسائل کا سامنا بھی ہوتا ہے، تحقیق میں 3 سے 6 سال کی عمر کے 571 بچوں کی ماؤں سے سروے کیا گیا تھا۔ ماؤں سے معلوم کیا گیا کہ بچوں نے گزشتہ ہفتہ روزانہ کتنا وقت اسکرین (ٹیلی ویژن، اسمارٹ فونز، کمپیوٹر یا دیگرڈیوائسز) کے سامنے گزارا۔ اس کے بعد ماؤں سے بچوں کے رویوں کے مسائل جیسے چڑچڑے پن، اکیلے وقت گزارنے کو ترجیح دینے یا بچوں سے دور رہنے اور دیگر کے بارے میں پوچھا گیا۔سب سے آخر میں ان سے بچوں کی نیند کے معیار اور دورانیہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں۔