بڑودہ میں سیلاب، سڑک پرمگرمچھ، پٹھان برادران نے عوام کی مدد کی

   

بڑودہ(گجرات)۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کا بڑودہ شہراس وقت زبردست بارش کے سبب سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔ شہرکے بڑے حصے میں پانی بھرا ہوا ہے اورعام زندگی کا نظام درہم برہم ہے۔ ندیاں اور تالاب بھر چکے ہیں، اس کے سبب پانی رہائشی علاقوں میں گھس آیا اوراس کے سبب آبی جانور بھی شہرمیں آگئے ہیں۔ شہرکی سڑکوں پرمگرمچھ دیکھے گئے ہیںاورانہیں نکالا جارہا ہے۔ایسے وقت میں ہندوستانی کرکٹریوسف پٹھان اورعرفان پٹھان عوام کی مدد کے لئے آگے آئے ہیں۔ دونوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لوگوں کیلئے کھانا اورروزمرہ کی ضرورت کی اشیاء فراہم کی ہیں۔یوسف پٹھان کی کئی تصویریں اورویڈیو سامنے آئی ہیں، جن میں وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کرکھانا تقسیم کررہے ہیں۔ وہ لوگوں کوکھانا پروستے ہوئے بھی نظرآئے ۔ عرفان پٹھان بھی عوام کی مدد کررہے ہیں۔عرفان پٹھان سے ایک خاتون نے سوشل میڈیا پرمدد مانگی۔ اس نے کہا کہ بھاری بارش کے سبب لڑکیاں ہاسٹل میں پھنسی ہوئی ہیں اورکئی روز سے ان کے پاس مناسب کھانا بھی نہیں ہے۔ اس نے یوسف پٹھان اورعرفان پٹھان دونوں کو سوشیل میڈیا پر ٹیگ کیا۔ عرفان نے فورا جواب دیا اورمدد کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے بعد دو گھنٹوں میں لڑکیوں کے پاس مدد پہنچ گئی۔پٹھان برادران فی الحال ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، لیکن گھریلوکرکٹ میں سرگرم ہیں۔ یوسف پٹھان بڑودہ کی طرف سے کھیلتے ہیں۔ ساتھ ہی آئی پی ایل میں سن رائزرس حیدرآباد ٹیم میں شامل ہیں۔ وہیں عرفان پٹھان جموں وکشمیرٹیم کیساتھ ہیں۔بڑودہ میں گزشتہ دنوں زبردست بارش ہوئی تھی۔واضح رہے کہ بھاری بارش کے سبب بڑودہ سے ہوکربہنے والی وشومتری ندی شباب پر ہے۔ اس کے پانی کی سطح 28.15 فیٹ ہے۔ دو دن پہلے یہ سطح 34.4 فیٹ تھی۔ حالانکہ ابھی پانی کم ہورہا ہے، لیکن بارش ہورہی ہے۔ ہفتہ کوبھی شہرمیں کافی بارش ہوئی تھی۔ شہرکے کئی علاقے ابھی بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اوریہاں بجلی بھی غائب ہے۔ بارش کے سبب بجلی اورٹیلی فون لائنوں کوبھی بہت نقصان پہنچا ہے۔ یہاں 24 گھنٹے میں تقریباً 500 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ سیلاب کے پانی کے ساتھ متوسط سائزکے 7 مگرمچھ بڑودہ کے رہائشی علاقوں میں پہنچ گئے، جنہیں محکمہ جنگلات کے افسران نے دودنوں کے اندرپکڑلیا۔ بڑودہ اورآس پاس کے علاقوں سے 5,700 سے زیادہ لوگوں کو باہر نکالا گیا ہے۔