نئی دہلی: حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں برقی یعنی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے چارجنگ مراکز کو بڑھایا جائے گا۔ اس میں نجی شعبوں سے بھی تعاون لیا جائے گا اور جلد ہی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے ملک کے بڑے شہروں اور شاہراہوں پر 22 ہزار چارجنگ سینٹرز کھولے جائیں گے۔بجلی کی وزارت نے اس سلسلے میں ہفتے کے روز کہا کہ حکومت کا ملک کے چار لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں میں پبلک الیکٹرک وہیکل چارجنگ سینٹرز میں توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔اس سلسلے میں نجی شعبے کا تعاون بھی لیا جائے گا اور جلد ہی تیل کمپنیوں کے تعاون سے بڑے شہروں اور شاہراہوں پر 22 ہزار چارجنگ سینٹرز کھولے جائیں گے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ پچھلے چار مہینوں میں نو بڑے شہروں میں چارجنگ سینٹرز کی تعداد میں ڈھائی گنا اضافہ ہوا ہے۔ اکتوبر سے جنوری تک ان نو شہروں میں 678 اضافی پبلک الیکٹرک وہیکل چارجنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ اس طرح ملک میں 1640 پبلک الیکٹرک وہیکل چارجنگ سینٹرز ہیں جن میں سے 940 ان نو شہروں میں ہیں۔