’’بگ باس 15‘‘کی میزبانی کیلئے سلمان خان کا معاوضہ 350 کروڑ

   

ممبئی : ہند اور بیرون ہند، دُنیا کے کئی ممالک میں مقبول انڈین ریالیٹی شو ’’بگ باس ‘‘کے 15ویں سیزن کی میزبانی کے لیے سلمان خان کو کتنا معاوضہ ادا کیا جائے گا، اس کا انکشاف ہندوستانی میڈیا نے کردیا ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خبر سامنے آئی ہے کہ انڈین ر یالیٹی شو بگ باس کے 15ویں سیزن میں 14 ہفتوں کی میزبانی کرنے کے لیے سلمان خان کو 350 کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان بگ باس سیزن 15 کے ہر ہفتے میں 25 کروڑ کی رقم وصول کریں گے۔میڈیا نے دعویٰ کیا کہ سلمان خان نے خود بگ باس سیزن 15میں میزبانی کے لیے اپنی فیس 15 فیصد بڑھانے کے مطالبہ کیا تھا۔واضح رہے کہ چُل بُل پانڈے سلمان خان بگ باس کے گزشتہ 11 سیزن سے اس شو کی میزبانی کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ سلمان خان ہندوستان کے وہ واحد اداکار ہیں جو کسی بھی ر یالیٹی شو کی میزبانی کرنے کے لیے سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرتے ہیں۔واضح رہے کہ انڈین ریالیٹی شو بگ باس کے سیزن 15 کا آغاز رواں سال اکتوبر میں کیا جائے گا ۔