بگ باس 17 کی اداکارہ پاکستانی ڈرامہ میں کام کرنے کیلئے رضامند

   

دبئی :پاکستانی ڈراموں کی دھوم سرحد پار بھی خوب ہورہی ہے۔ پہلے تو پاکستانی اداکار ہندوستانی فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے تھے لیکن اب ہندوستانی فنکار بھی پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کرنے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ ہندوستانی اداکارہ و ماڈل ایشا مالویا جو حال ہی میں رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 17 کی مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئیں، ان کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔اداکارہ نے دبئی میں ایک انٹرویو دیا جس میں ان سے پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھا گیا۔میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ پاکستانی ڈرامہ میں کام کریں گی؟ اگر اس کی شوٹنگ دبئی میں ہو تو کیا آپ اس کیلئے رضامند ہوں گی؟جواب میں ایشا مالویا نے کہا کہ میری پہلی ترجیح ہندوستانی ہوگی کہ میں وہیں ممبئی میں رہ کر کام کروں لیکن اگر مجھے پیشکش ہوتی ہے تو میں بالکل کام کرنا پسند کروں گی۔واضح رہے کہ بگ باس سیزن 17 کا فائنل کامیڈین، ریپر اور شاعر منور فاروقی نے جیتا تھا جب کہ ابھیشیک کمار رنر اپ رہے۔