ہائی کمان کی وجہ نمائی نوٹس، پارٹی موقف سے انحراف پر سیتکا کی تنقید
حیدرآباد۔/25 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) منوگوڑ ضمنی چناؤ میں کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی جانب سے اپنے بھائی اور بی جے پی امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے حق میں مہم چلانے پر کانگریس حلقوں میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ کانگریس اعلیٰ کمان نے اگرچہ وینکٹ ریڈی کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی باوجود اس کے وہ کانگریس قائدین اور کارکنوں سے ربط قائم کرتے ہوئے راجگوپال ریڈی کے حق میں ووٹ کے استعمال کی مہم چلارہے ہیں۔ اسی دوران کانگریس رکن اسمبلی سیتکا نے اسٹار کمپینر کے عہدہ پر فائز ہوتے ہوئے بی جے پی کے حق میں مہم چلانے کی سخت مذمت کی۔ سیتکا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی کو بدترین شخص قراردیا اور کہا کہ ایسے افراد کو کانگریس پارٹی سے دور رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کانگریس میں ہوتے ہوئے مخالف پارٹی بی جے پی کے امیدوار کے حق میں مہم کہاں تک درست ہے۔ سیتکا نے کہا کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کوورٹ کا رول ادا کرتے ہوئے کانگریس پارٹی سے دھوکہ کررہے ہیں۔ کانگریس ہائی کمان نے انہیں جو نوٹس جاری کی ہے اس کا جواب دینا چاہیئے۔ سیتکا نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں وراثت کی سیاست کا کوئی تصور نہیں ہے جبکہ کومٹ ریڈی برادرس کانگریس کی آڑ میں برسوں سے خاندانی حکومت چلارہے تھے۔ سیتکا نے دعویٰ کیا کہ منوگوڑ میں کانگریس امیدوار شراونتی کی کامیابی ہوگی۔ر